مشرق وسطیٰ کی بگڑتی صورتحال، پاکستان کیلئے شدید مشکلات کا امکان

24 جون ، 2025

اسلام آباد (خالد مصطفیٰ) امریکہ کے ایران کی جوہری تنصیبات پر حملے کے بعد اگر ایران آبنائے ہرمز کو بند کر دیتا ہے تو پاکستان جیسی درآمدات پر منحصر معیشت کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔ ہرمز ابھی تک بند نہیں ہوئی ہے، لیکن ایران اور اسرائیل کے درمیان جاری کشیدگی میں اضافے کے باعث یکم جولائی 2025 سے پاکستان میں آئندہ پندرہ دن کے لیے پیٹرول کی قیمت میں 15 روپے اور ڈیزل کی قیمت میں 20 روپے فی لیٹر تک کے بڑے اضافے کا خدشہ ہے، اور اس رجحان کے آئندہ پندرہ دن تک جاری رہنے کا بھی امکان ہے۔ اگر آبنائے ہرمز کا بحران شروع ہوتا ہے تو پاکستان کو شدید منفی اثرات کا سامنا کرنا پڑے گا۔ ایک سینئر عہدیدار نے دی نیوز کو بتایا کہ پٹرولیم ڈویژن کے اعلیٰ حکام نے پیر کو ریفائنریوں اور آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے سربراہان کے ساتھ ایک تفصیلی میٹنگ کی اور مشرق وسطیٰ کی صورتحال اور آبنائے ہرمز کے بند ہونے کی صورت میں اس کے اثرات کو کم کرنے کے لیے مختلف آپشنز پر غور کیا۔ اس میٹنگ میں مختلف صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے اور کچھ قابل عمل آپشنز کو حتمی شکل دی گئی ہے جنہیں آج (منگل) صبح 10 بجے وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ہونے والے اعلیٰ سطحی اجلاس میں پیش کیا جائے گا۔ وزیراعظم کی زیر صدارت ہونے والا اجلاس مشرق وسطیٰ کی صورتحال کے اثرات کو کم رکھنے کے لیے حتمی شکل دی گئی حکمت عملی کی منظوری دے گا۔