ایرانی حملے کا جواب دینے کا حق ہے، قطر ، سعودی عرب کا بھی اظہار مذمت

24 جون ، 2025

کراچی (نیوز ڈیسک)قطر کی حکومت نے العدید میں قائم امریکی فضائی اڈے پر ایران کے میزائل حملوں کی شدید مذمت کی ہے۔قطری وزارتِ خارجہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ قطر اس جارحیت کی نوعیت اور پیمانے کے حساب سے مساوی انداز میں جواب دینے کا حق محفوظ رکھتا ہے، یہ ہماری خودمختاری، فضائی حدود، بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی کھلی خلاف ورزی ہے۔سعودی عرب نے بھی حملے کی مذمت کی ہے۔پیر کو سعودی عرب کی وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے ’سعودی عرب برادر ملک قطر کے خلاف ایرانی جارحیت کی پرزور مذمت کرتا ہے جو کہ بین الاقوامی قوانین اور اچھے پڑوسی ہونے کے اصولوں کی سنگین خلاف ورزی ہے۔‘’یہ ناقابلِ قبول ہے اور کسی بھی حالات میں اس کا جواز نہیں بنتا۔‘بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ سعودی عرب قطر کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتا ہے اور اس کے تمام تر اقدامات کی حمایت کے لیے اپنے تمام وسائل بروئے کار لائے گا۔قطری کی وزراتِ خارجہ کے ترجمان ماجد الانصاری نے سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر لکھا کہ ’ہم اسے ریاست قطر کی خودمختاری، اس کی فضائی حدود، بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی کھلی خلاف ورزی سمجھتے ہیں۔‘انہوں نے کہا کہ قطر کے فضائی دفاعی نظام نے ’حملے کو کامیابی سے ناکام بنا دیا اور ایرانی میزائلوں کو ناکام بنا دیا‘ اور اڈے کو پہلے ہی خالی کرا لیا گیا تھا۔انہوں نے مزید کہا کہ ’قطری مسلح افواج کے ارکان، دوست افواج اور دیگر سمیت بیس پر اہلکاروں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات اٹھائے گئے تھے۔‘’ہم اس بات کی تصدیق کرتے ہیں کہ حملے میں کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔‘