اسحاق ڈار پاک ، یو اے ای مشترکہ وزارتی کمیشن کے اجلاس میں شرکت کیلئے امارات پہنچ گئے

24 جون ، 2025

دبئی (صباح نیوز)نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار سرکاری دورے پر ترکیے کے بعد متحدہ عرب امارات پہنچ گئے ہیں، جہاں وہ پاک-امارات مشترکہ وزارتی کمیشن کے اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کرینگے۔یہ اجلاس 12 سال کے وقفے کے بعد منعقد ہو رہا ہے، جسے دونوں ممالک کے تعلقات میں نئی پیش رفت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ اجلاس کے دوران تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، تعلیم، اور دفاع سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بات چیت ہوگی۔اماراتی وفد کی قیادت شیخ عبداللہ بن زید النیہان کرینگے، جو امارات کے وزیر خارجہ بھی ہیں۔ اجلاس میں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور نئے معاہدوں پر غور متوقع ہے۔