اسلام آباد( نیوز رپورٹر) وزیراعظم محمد شہباز شریف نےقطر میں امریکی فوجی اڈے پر ایران کے میزائل حملے کی اطلاعات پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہےکہ ایسے واقعات خطے کے امن و استحکام کے لیے شدید خطرہ بن سکتے ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ تمام متعلقہ فریقین کو صبر و تحمل کا مظاہرہ کرنا چاہیے اور کشیدگی کم کرنے کے لیے فوری اقدامات کرنے چاہئیں۔پیر کو وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم نے سعودی عرب کے سفیرنواف بن سعید المالکی اور قطر کے سفیر علی مبارک علی عیسیٰ الخاطر سے ٹیلیفونک گفتگو کی۔یہ رابطہ حالیہ دنوں میں مشرق وسطیٰ میں پیدا ہونے والی کشیدگی، خاص طور پر قطر میں امریکی فوجی اڈے پر ایران کے میزائل حملے کی اطلاعات کے بعد کیا گیا۔وزیر اعظم نے یقین دہانی کروائی کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ مل کر مشرق وسطیٰ میں امن قائم کرنے کی کوششوں کو مزید مؤثر بنانے کے لیے تیار ہے، پاکستان خطے میں استحکام لانے کے لیے اپنی سفارتی کوششیں جاری رکھے گا۔ دریں اثنا ء وزیرِاعظم نے پیر کی شب قطر کے سفیر علی مبارک علی عیسیٰ الخاطر سے ٹیلیفونک گفتگو کی۔ وزیرِاعظم نے قطر میں امریکی فوجی اڈے پر ایران کی جانب سے میزائل حملوں کی اطلاعات پر گہری تشویش کا اظہار کیا، حکومتِ قطر اور قطری عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسے نازک وقت میں تمام فریقین کو تحمل سے کام لیتے ہوئے خطے میں کشیدگی کم کرنے اور امن کے قیام کے لیے کوششیں تیز کرنی چاہئیں۔قطری سفیر نے غیر معمولی صورتحال میں فوری رابطہ کرنے پر وزیرِاعظم محمد شہباز شریف کا قطر کے عوام اور قیادت سے اظہارِ یکجہتی پر ان کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔