خیرات میں ملی اکثریت سے مغرور ہوگئے، نبیل گبول اور طلال میں تلخ کلامی

10 جولائی ، 2025

اسلام آباد (ایوب ناصر ، خصوصی نامہ نگار) قومی اسمبلی داخلہ کمیٹی کے اجلاس میں ن لیگ کے طلال چوہدری اور پیپلز پارٹی کے نبیل گبول میں تلخ کلامی ہو گئی ، وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری کے روئیے اور لہجے کیخلاف احتجاجاً پاکستان پیپلز پارٹی کے نبیل گبول نے کمیٹی کا بائیکاٹ کر دیا اور چئیر مین کمیٹی کے روکنے کے باوجود باہر نکل گئے ، نبیل گبول نے کہا کہ ن لیگ کو اکثریت خیرات میں ملی وہ مغرور ہوگئے ہیں ،17راکین کو 120کرکے دکھائیں گے جیسے عمران خان کو ہٹانے کیلئے کیا تھا، بدمزگی شازیہ مری کی وزرات قانون کے افسر سے برہمی پر شروع ہوئی ،ارکان نے ایک دوسرے پر تنقید کی تو شازیہ مری نے دھمکی دی کہ میں اس افسر کے خلاف تحریک استحقاق لاؤں گی جس پر وزیر مملکت طلال چوہدری نے کہا کہ آپ تحریک لائیں میں خود اس کا سامنا کرونگا۔ جواب میں شازیہ مری نے کہا کہ آپ ہمیں دھمکی دے رہے ہیں،طلال چوہدری بولے دھمکی تو آپ دے رہی ہیں، سی ڈی اے کی سست روی اور منصوبہ بندی کی کمزوری پر عالیہ کامران کی تنقید کا ساتھ دیتے ہوئے چیئرمین قائمہ کمیٹی راجہ خرم نواز نے کہا کہ اس ملک میں بڑے بڑے پراپرٹی ٹائیکون کی فائلوں کو پہیے لگتے ہیں۔ ان کو پارلیمنٹ ہو یا کوئی اور ادارہ نہیں روک سکتا، نیب مظلوم اداروں کے پیچھے لگا رہتا ہے۔