نیپرا کا جولائی کے بلوں میں بجلی صارفین کو ریلیف دینے کا اعلان

10 جولائی ، 2025

اسلام آباد (اسرار خان) نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے بدھ کے روز جولائی کے بجلی کے بلوں میں صارفین کو ریلیف دینے کا اعلان کیا ہے۔ نیپرا نے سرکاری ڈسٹری بیوشن کمپنیوں (ڈسکوز) کو 0.495 روپے فی یونٹ اور کےالیکٹرک کو 4.0349 روپے فی یونٹ واپس کرنے کا حکم جاری کیا ہے۔  نیپرا نے بجلی نظام میں خرابیوں اور 116ارب روپے کے نقصانات پربرہمی کا اظہار  کیا۔کے الیکٹرک سے مطالبہ کیا کہ لوڈشیڈنگ کا خاتمہ  اور فوری اصلاحی اقدامات کیے جائیں۔صارفین کو ریلیف کا فیصلہ مئی (ڈسکوز) اور اپریل (کے الیکٹرک) کے ماہانہ فیول چارج ایڈجسٹمنٹ (FCA) کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔ یہ فیصلہ مہنگائی کے بوجھ تلے دبے صارفین کے لیے وقتی راحت ہے، تاہم نیپرا نے خبردار کیا ہے کہ بجلی کے نظام میں موجود مستقل خرابیاں اور بدانتظامی نہ صرف لاگت میں اضافہ کر رہی ہیں بلکہ قومی گرڈ پر بوجھ بھی بڑھا رہی ہیں۔