ملک میں جاری کرپشن کیخلاف ہر پاکستانی کو نکلنا ہو گا،محمود اچکزئی

11 جولائی ، 2025

اسلام آباد (پ ر)ہمیں یہ خوف ہے کہ پاکستان ہماری بد کاریوں اور خطا کا ریوں کی وجہ سے ڈوب رہا ہے۔ تمام ادارے اوپر سے لیکر نیچے تک کرپشن میں مبتلا ہیں اس کے خلاف ہر پاکستانی کو نکلنا ہو گا اور اس ناجائز زر اور زور کی بنیاد پر بنی غیر جمہوری اور غیر آئینی حکومت کا خاتمہ کرنا ہو گا ۔عوام کی طاقت خدا کی طاقت ہو تی ہے ،ایک جمہوری حکومت کا قیام نا گزیر ہے، عوام کی طاقت اور دنیا کی سپورٹ سے جمہوری حکومت بنے گی۔ عمران خان اس وقت پاکستان کا سب سے پا پولر لیڈر ہے، سپریم کورٹ کسی پارٹی کا انتخابی نشان چھینے؟ یہ تو کمال کیا ان نوجوانوں نے جنہوں نے190 سے زائد مختلف انتخابی نشانوں پر الیکشن لڑ کر تحریک انصاف کو کامیابی دلوائی اور یہاں یاروں کے پلان کو بگاڑ دیا۔ ان خیالات کا اظہار پشتونخواملی عوامی پارٹی کے چیئرمین وتحریک تحفظ آئین پاکستان کے سر براہ او رکن قومی اسمبلی محمود خان اچکزئی نے ایک انٹرویو میں ٍکیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم بین الاقوامی دنیا سے بھی اپیل کرینگے کہ ان کو ہمارے ہاں بد ترین انسانی حقوق کی پائمالیوں کا بھی نوٹس لینا ہو گا ۔یہاں4 ہزار سے زائد بچے جنہوں نے نہ وزیراعظم بننا تھا،نہ وزیر، نہ مشیر نہ سینیٹر صرف جمہوریت کیلئے آج بھی ملک کے مختلف جیلوں میں پڑے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں کہا کہ اس ملک کی سب سے بڑی بربادی کرپشن ہے ہم کسی کو گالی دینگے نہ پتھر مارینگے نہ بندوق چلائینگے لیکن یہ ہمارا حق ہے کہ ہم سڑکیں بندکردیں اور اس ناجائز زر اور زور کی بنیاد پر قائم حکومت کا خاتمہ ممکن بنائیں۔ ہمارا آئین حکم دیتا ہے کہ ظلم کے خلاف آئین کی پائمالی کے خلاف نکلیں۔ ایک ذمہ دار آدمی یہ بات کہہ رہا تھا کہ سارے ادارے ایک پیج پر ہیں سارے ادارے اس پوری دنیا میں ایک پیج پر اس طرح ہو تے ہیں کہ ہر ادارہ اپنے اپنے آئینی فریم میں کام کرتا ہے۔