مستونگ، کولپور،قلات بلیدہ، وڈھ اور دالبندین میں مسلح افراد کے حملے

11 جولائی ، 2025

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)مستونگ، کولپور، قلات بلیدہ، وڈھ اور دالبندین میں نامعلوم مسلح افراد نے معدنیات لے جانے والی چار گاڑیوں اور سول سیکرٹریٹ کے بس پر فائرنگ کرتے ہوئے ٹائر برسٹ،ایک نجی بینک اور بوزر کو نذرآتش کردیا،قلات میں سیکورٹی فورسز نے ٹول پلازہ کو نقصان پہنچانے کی کوشش ناکام بنادی، ترجمان بلوچستان حکومت شائد رند نے کہا ہے کہ فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کے حملوں کا سیکورٹی فورسز نے فوری اور بھرپور رسپانس دیا ہے،عوام کی جان، مال اور املاک کی حفاظت کیلئے فورسز مکمل طور پر الرٹ ہیں سیکورٹی ذرئع کے مطابق بلوچستان کے ضلع مستونگ کے علاقے کھڈکوچہ کے مقام پرجمعرات کو نامعلوم مسلح افراد نے معدنیات لے جانے والے 2 ٹرکوں پرفائرنگ کرتے ہوئے ٹائر برسٹ کردیئے، ضلع کچھی کے علاقے کو لپور بائی پاس کے مقام پر مسلح افراد نے وہاں سے گزرنے والی سول سیکرٹریٹ کے بس کو روک کر اس کے ٹائر برسٹ کردیئے،قلات میں سیکورٹی فورسز نے ٹول پلازہ کو نقصان پہنچانے کی کوشش ناکام بنادی مسلح افراد اور سیکورٹی فورسز کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، بلوچستان کے ضلع کیچ کے علاقے بلیدہ میں میناز کے مقام پر مسلح افراد نے نجی بینک پر حملہ کرکے فرنیچر اور عمارت کو آگ لگا دی،خضدار میں وڈھ کے علاقہ ڈرکہ لو میں مسلح افراد نے معدنیات لے جانے والی 2 گاڑیوں پر فائرنگ کرکے ٹائر برسٹ کردیئے، دالبندین میں مسلح افراد نے گیس لے جانے والے بوذر کو نذرآتش کیا۔ ترجمان بلوچستان حکومت شاہد رند کے مطابق قلات، مستونگ میں فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں نے حملے کیے ہیں تاہم سیکورٹی فورسز نے فوری اور بھرپور رسپانس دیا ہے۔