فضل الرحمٰن نےKPمیں سینیٹ کا انتخاب مل کر لڑنے کی حکومتی پیشکش قبول کر لی

11 جولائی ، 2025

اسلام آباد (فاروق اقدس ) جمعیت علمائے اسلام ( ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نےKPمیں سینیٹ کا انتخابات مل کر لڑنے کی حکومتی پیشکش بَسروچَشم قبول کر لی ،خیبر پختونخوا میں ایوان بالا کی نشستوں کیلئے بہر صورت اکثریت حاصل کرنے پر اتفاق رائے قا ئم،انتخابی اتحاد کی تجویز ،مسلم لیگ کا وفد پی پی پی اور اے این پی سے بھی رابطے کریگا،دریں اثناءخیبرپختونخوا میں سینیٹ کے انتخابات سے قبل پاکستان تحریک انصاف میں اختلافات کھل کر سامنے آ گئے ہیں۔ پی ٹی آئی کے رکن صوبائی اسمبلی طارق آریانی کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی جس میں انہوں نے پارٹی قیادت پر سنگین الزامات عائد کیے ہیں ۔مصدقہ اطلاعات سے معلو م ہوا ہے کہ جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن اور پاکستان مسلم لیگ ن کے درمیان اصولی طور پر یہ اتفاق رائے طے پایا ہے کہ خیبر پختونخوا میں ایوان بالا کی نشستوں کیلئے بہر صورت اکثریت حاصل کی جائیگی ،پاکستان پیپلز پارٹی اور عوامی نیشنل پارٹی کو بھی ہم خیال بنانے کیلئے دونوں جماعتوں سے ملاقاتیں اور مذاکرات کا عمل جلد شروع کر دیا جائیگا اور مسلم لیگ کا وفد مولانا فضل الرحمٰن کا اعتماد حاصل کرنے کے بعد دونوں جماعتوں کے رہنمائوں رابطے کریگا۔مسلم لیگ ن اور جے یو آئی کے درمیان یہ پیش رفت گزشتہ روز وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ کی سربراہی میں حکومتی وفد کی مولانا فضل الرحمٰن سے وفد کی سطح پر ہونیوالی ملاقات کے دوران ہوئی ،یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ جے یو آئی کے مرکزی امیر مولانا فضل الرحمٰن جن کے بارے میں کچھ عرصے سے یہ تاثر دیا جارہا تھا کہ وہ قومی سیاست سے قدرے پس منظر میں چلے گئے ہیں۔اس پیشرفت سے اس تاثر کی تردید ہوتی ہے بلکہ حکومتی سطح پر ان کی سیاسی ضرورت محسوس ہونے کا اندازہ لگایا جا رہا ہے۔کیونکہ رانا ثنا اللہ نے اپنی قیادت کا اعتماد حاصل کرنے کے بعد ہی مولانا فضل الرحمٰن سے ملاقات کی تھی۔