امارات میں پاکستانی سفیر فیصل نیاز ترمذی کو روس میں نیا سفیر مقرر کیا جا رہا ہے

11 جولائی ، 2025

اسلام آباد(صالح ظافر) متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں پاکستان کے موجودہ سفیر فیصل نیاز ترمذی کو روس میں پاکستان کا نیا سفیر مقرر کیا جا رہا ہے۔ یہ فیصلہ خطے میں بڑھتی ہوئی جیو پولیٹیکل اہمیت کے پیشِ نظر کیا گیا۔ ترمذی روسی زبان پر عبور رکھتے ہیں اور وسطی ایشیائی ریاستوں میں خدمات انجام دے چکے ہیں۔ وہ خالد جمالی کی جگہ لیں گے جن کی مدت مکمل ہو چکی ہے۔ذرائع کے مطابق، ابو ظہبی میں ترمذی کے متبادل کی تلاش جاری ہے، جن کے لیے تین نام سامنے آئے ہیں: احمد امجد علی، علی جاوید، اور شفقت علی خان۔ شفقت خان اس وقت یورپ کے لیے ایڈیشنل سیکریٹری اور ترجمان دفتر خارجہ ہیں اور ماسکو میں بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔ علی جاوید اس وقت اٹلی میں پاکستانی سفیر ہیں جبکہ احمد امجد علی اسلام آباد میں اسپیشل انویسٹمنٹ فسیلیٹیشن کونسل (SIFC) کے ایڈیشنل سیکریٹری ہیں۔