نیشنل ٹیرف کمیشن کی ہنگامی بنیادوں پر تنظیم نو کی جائے، وزیراعظم کی ہدایت

11 جولائی ، 2025

اسلام آباد( نیوز رپورٹر)وزیراعظم شہباز شریف نے نیشنل ٹیرف کمیشن کی قانونی، انتظامی اور دیگر اداراجاتی اختیارات و فرائض کی ہنگامی بنیادوں پر تنظیم نو کی ہدایت کی ہے،انہوں نے یہ ہدایت گزشتہ روز نیشنل ٹیرف کمیشن کی کارکردگی پر جائزہ اجلاس کے دوران دی۔ وزیر اعظم نے ہدایت دی کہ نیشنل ٹیرف کمیشن کی حالیہ کارکردگی کی تھرڈ پارٹی نظر ثانی کی جائے تاکہ اس کو مزید فعال بنایا جائے  اور ،  نئی ہدایات پر پیشرفت کی بریفنگ اگلے ماہ دی جائے،وزیراعظم شہباز شریف نے PNSC کو بین الاقوامی معیار کی شپنگ کمپنی بنانے کیلئےمنصوبہ طلب کرلیا  جبکہ وزیراعظم سے علی بابا کمپنی  کی انٹرنیشنل مارکیٹس کے صدرکی ملاقات بھی ہوئی،وزیر اعظم نے   نیشنل ٹیرف کمیشن  کے جائزہ اجلاس سےخطاب کرتے ہوئے کہا کہ نیشنل ٹیرف کمیشن کی نئی ٹیرف رجیم کے تقاضوں کی بخوبی انجام دہی کے لیے جدید خطوط پر تنظیم نو ناگزیر ہے، کمیشن کے پاس ملکی کاروبار، درآمدات و برآمدات مارکیٹ کے متعلق تمام زمینی حقائق اکٹھے کرنے کی موثراستعداد ہونی چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل ٹیرف کمیشن کی خودکار اور موثر تحقیقی استعداد ملکی کاروبار کو درپیش مسائل حل کرنے میں کلیدی کردار ادا کر سکتی ہے، حکومت، نیشنل ٹیرف کمیشن کی تربیت و وسائل کی کمی اور اسکے کام کو جدید تقاضوں سے ہم اہنگ کرنے کے لیے پرعزم ہے۔