محکمہ زراعت پراجیکٹس فیز 2کی منظوری ، 100ارب روپے کے بلاسود قرض دینے پر اتفاق ، کاشتکار کو تنہا نہیں چھوڑیں گے ، وزیراعلیٰ مریم نواز

11 جولائی ، 2025

لاہور (خصوصی نمائندہ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ کاشتکار کو تنہا نہیں چھوڑیں گے،انہوں نے محکمہ زراعت کے پراجیکٹس کے فیز ٹوکے آغاز کی اصولی منظوری دے دی۔ کاشتکاروں کو فیز ٹو میں 628000کسان کارڈ کے ذریعے100ارب روپے کے قرض دیئے جائیں گے۔وزیراعلیٰ مریم نواز کی زیر صدارت محکمہ زراعت سے متعلق خصوصی اجلاس منعقد ہوا اجلاس میں سی ایم سپیشل پراجیکٹس فیز ٹو کی منظوری دی گئی۔پوٹھو ہار میں ایگریکلچر ٹرانسفارمیشن پروگرام کے تحت 500منی ڈیم اور250آبی ذخائر کے پراجیکٹس کا جائزہ لیا گیا اور کسان کارڈ فیز ٹو کے تحت 100ارب روپے کے بلاسود قرض دینے پراتفاق کیا گیا۔ اس موقع پر گرین ٹریکٹر، ماڈل ایگریکلچر،ٹیوب ویل سولرائزیشن، ایگری ایجویٹ،ویٹ پروگرام،سپر سیڈر،سٹرس،پوٹھو ہار،ایگری ٹرانسفارمیشن اور دیگر امور پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وزیراعلیٰ نے گندم کے کاشتکار کوامدادی نرخ پر زرعی مداخل کی فراہمی کیلئے پلان طلب کرلیا۔انہوں نے کہا کہ گندم کے کاشتکار کو تنہا نہیں چھوڑیں گے،فصل کی کاشت سے پہلے نیا پراجیکٹ دیں گے۔اجلاس میں گندم کی ان پٹ لاگت کم کرنے کیلئے ایڈوانس سبسڈی کی تجاویز پر غورکیا گیا۔ 25ایکڑ تک اراضی کے مالک کاشتکار کسان کارڈ کے ذریعے ڈیزل،کھاد،بیج اورزرعی ادویات حاصل کرسکیں گے۔