سعودی ولی عہد کا دورہ پاکستان جلد متوقع، تعلقات مضبوط ہونگے‘پاکستانی سفیر

11 جولائی ، 2025

اسلام آباد (فاروق اقدس) سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر احمد فاروق نے کہا ہے کہ سعودی ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان کا دورہ پاکستان جلد متوقع ہے، دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مزید مضبوط ہوں گے، کوئی بھی بڑا دورہ اس وقت ہوتا ہے جب اس میں آئوٹ کم نکلے، کچھ معاہدوں پر دستخط ہوں اور کوئی بڑی پیش رفت ہو، اس حوالے سے کام جاری ہے، دونوں طرف سے تیاریاں کی جائیں گی کہ اس دورے کے انتہائی مثبت نتائج سامنے آئیں ، سعودی عرب میں جو میگا پروجیکٹ جاری ہیں ان میں پاکستانی کمپنیوں اور شہریوں کیلئے مواقع ہیں، سپورٹس ڈپلومیسی پر بھی کام جاری ہے اور اس شعبے میں تعلقات بڑھا رہے ہیں،بھارت کیساتھ کشیدگی کے دوران سعودی عرب نے مثبت کردار ادا کیا ، کشیدگی میں کمی کی کوششوں کی حمایت کی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جدہ میں سعودی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تجارتی معاہدوں پر عمل درآمد کے حوالے سے پاکستانی سفیر نے بتایا کہ34میں سے 12معاہدے جن کی مالیت 800 ملین ڈالر ہے، ان پر مکمل عملدرآمد ہوا جبکہ باقی پر کام جاری ہے۔ آئندہ چند ماہ میں مزید پیشرفت دیکھیں گے، اس میں کچھ معاہدے، آئی ٹی، تجارت، مین پاور ایکسپورٹ اور زراعت سے متعلق ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’سعودی عرب سے ہونے والے معاہدوں کی مجموعی مالیت 2.8 ارب ڈالر تھی اور یہ نجی سیکٹر میں ہیں اس کے علاوہ حکومتی سطح پر کچھ معاملات زیرِ غور ہیں جن کے حوالے سے جلد مثبت خبر ملے گی۔انہوں نے بتایا گزشتہ دو برس میں 100سے زیادہ پاکستانی آٹی ٹی کمپنیوں نے سعودی عرب میں کمرشل رجسٹریشن کرائی اور کاروبار شروع کئے ، اسی طرح تعمیراتی شعبے میں پاکستان کی تین بڑی کمپنیوں نے کمرشل رجسٹریشن کرائی ، لوکل پاکستانی انویسٹرز کی کمپنیاں اس کے علاوہ ہیں۔انہوں نے کہا سعودی کرکٹ فیڈریشن کے ساتھ ہمارا اچھا ریلیشن شپ ہے، سعودی عرب میں کرکٹ فروغ پا رہی ہے ہم ٹیکنیکل اور انفراسٹرکچر دونوں سطح پر سپورٹ کرنے کو تیارہیں، اب کچھ فیصلے مملکت کو خود کرنا ہیں تاہم بات چیت بہت مثبت رہی ہے۔پاکستانی سفیر کے مطابق ’سعودی عرب میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کا پاکستان کی ترقی میں اہم کردار ہے۔ اس سال سعودی عرب سے پاکستانیوں کی ترسیلاتِ زر میں 30 فیصد اضافہ ہوا جبکہ سعودی عرب کے لیے برآمدات بھی ایک سال میں 10فیصد بڑھی ہیں،انہوں نے کہا کہ وہ پاک، سعودی تعلقات کو مزید مضوط ہوتا دیکھ رہے ہیں،سعودی عرب ہمارے لیے ہمیشہ ایک اہم ملک رہا ہے، ان کے ساتھ سیاسی طور پر اور دوسرے اعتبار سے بڑے قریبی تعلقات ہیں۔