مالی سال2024-25میں 1045ارب روپے کے ریکارڈ ترقیاتی اخراجات کئے،احسن اقبال

11 جولائی ، 2025

اسلام آباد( کامرس رپورٹر )پاکستان نے ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ گزشتہ مالی سال 2024-25 میں 1045ارب روپے کے ریکارڈ ترقیاتی اخراجات کیے،این ایف سی ایوارڈ کے فارمولے کو اپ گریڈ کرنا لازمی ہےاین ایف سی ایوارڈ میں 82 فیصد وسائل کا دارومدار صوبوں کی آبادی سے منسلک ہے،بڑھتی ہوئی آبادی کا مسلہ ایک قومی ایمرجنسی ہے، حالیہ مردم شماری کے بعد یہ بات سامنے آئی کہ وسائل حاصل کرنے کیلئے صوبے اپنی آبادی کو بڑھا کر پیش کرتے ہیں ہم نے ڈیجیٹل مردم شماری میں سپارکو کے سیٹلائٹ کے ذریعے گھریلو نقشہ سازی کی اگر یہ ٹیکنالوجی ہمارے پاس نہ ہوتی تو آبادی بڑھنے کی 2.55فیصدکی شرح 3 فیصد تک پہنچ چکی ہوتی، ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے میڈیا بریفنگ میں کیا، انہوں نے کہا کہ سخت مالی صورتحال کے باوجود وفاقی حکومت نے ترقیاتی اہداف کامیابی سے حاصل کیےجو ایک تاریخی سنگ میل ہے ،ترقیاتی بجٹ کا 96 فیصد حصہ موثر طریقے سے خرچ کیا گیا جو شفافیت، کارکردگی اور منصوبہ بندی کی کامیابی کا ثبوت ہے۔انہوں نے کہاکہ اگر ترقیاتی اخراجات وقت پر نہ ہوتے تو آئندہ مالی سال کا بجٹ متاثر ہو سکتا تھا۔