گوجرہ سے خواتین ہاکی کھلاڑیوں کاخصوصی ٹور،6شہروں میں نمائندگی کرینگی

15 جولائی ، 2025

ٹوبہ ٹیک سنگھ (نمائندہ جنگ) پاکستان میں خواتین کھیلوں کے فروغ کی جانب ایک اہم پیش رفت کرتے ہوئے گوجرہ کی جانب سے پہلی بار خواتین ہاکی کھلاڑیوں کا خصوصی ٹور یکم اگست سے چھ مختلف شہروں میں شروع کیا جا رہا ہے۔ اس تاریخی اقدام کا مقصد نوجوان خواتین کھلاڑیوں کو قومی سطح پر اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع فراہم کرنا اور ویمن ہاکی کے معیار کو بلند کرنا ہے۔ یہ ٹور “اپنی مدد آپ” کی بنیاد پر مقامی انتظامیہ کے بھرپور تعاون سے ترتیب دیا گیا ہے، جس کی منظوری ریجنل چیئرمین شیخ وقاص رشید اور ڈسٹرکٹ صدر رانا محمد شفیق نے دی، جن کی سرپرستی سے یہ خواب حقیقت کا روپ دھار سکا۔ منتظمین کے مطابق سینئر ویمن چیمپئن شپ کے ملتوی ہونے پر کھلاڑی بچیاں سخت پریشان تھیں، جن کی حوصلہ افزائی کیلئے یہ قدم اٹھایا گیا۔ ٹور کے اختتام پر کھلاڑیوں میں اسناد بھی تقسیم کی گئیں تاکہ ان کی محنت کو سراہا جا سکے۔