لاہور(خصوصی نمائندہ)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پاکستان کی پہلی پنجاب انفورسمنٹ اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی لانچ کر دی ہے اور کہا ہے کہ پیرا ظلم کے خلاف مظلوم کے لئے ڈھال بنے گی ، میری اور عوام کی نظر پیرا پر ہوگی اورپیرا کی نظر مہنگائی، ذخیرہ اندوزی اور تجاوزات پرہوگی،4 افسران کو سرٹیفکیٹ ، ڈی جی کیپٹن(ر) فرخ عتیق کو شاباش دی،چالان کرنیوالے اہلکار اور بیٹے پر فخر ہے۔ ایکسپوسنٹر لاہور میں پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں وزیراعلیٰ مریم نواز نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ وزیراعلیٰ نے پیرا فورس سے ملاقات کی،گاڑیوں اور موٹر بائیکس کامعائنہ کیا۔ خواتین ایس ڈی ای او کو دیکھ کر مسرت کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ مریم نے پیرا سٹیشن تھری ڈی ماڈل، ہتھیار، حفاظتی آلات، شیلڈ اور دیگر گیجٹ کا بھی معائنہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے پیرا سٹیشن پر بٹن دبا کر ٹوکن حاصل کرنے اور شکایت کے اندراج کے عمل کا مشاہدہ کیا۔ انفورسمنٹ ا سٹیشن کنٹرول روم،ا نویسٹی گیشن روم، کانفرنس روم، ہراستی کمرے، ویٹنگ اور بیرکس وغیرہ کا معائنہ کیا۔ تقریب میں پیرا کے چاک وچوبند دستے نے مارچ پاسٹ کیا اور مارشل آرٹ کا مظاہرہ بھی پیش کیا۔وزیراعلیٰ نے پیرا ٹریننگ کے دوران بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے 4 افسران کو سرٹیفکیٹ دیئے۔ ڈی جی پیرا کیپٹن (ر) فرخ عتیق نے پنجاب انفورسمنٹ اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی کی غرض وغایت تفصیل سے بیان کیں۔ ڈجی جی کیپٹن(ر)فرخ عتیق نے پیرا قیام کے لئے غیر مشروط سپورٹ پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا شکریہ ادا کیا۔ ڈی جی پیرا فرخ عتیق نے تقریب کے شرکاء کو بتایا کہ لاہور ڈویڑن کے بعد پیرا دسمبرتک صوبے بھر پوری طرح فعال ہوکر فرائض سرانجام دے گی۔ تقریب میں صوبائی کابینہ،ارکان اسمبلی،سیکرٹریز اور دیگر اعلی حکام نے شرکت کی۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آٹھ ماہ کی قلیل مدت میں پیرا کے قیام کا خیال حقیقت کا روپ دھار چکا ہے۔