پی آئی اے کی نجکاری دو سے تین ماہ میں مکمل کرنیکا ہدف

15 جولائی ، 2025

اسلام آباد( اسرار خان ) پاکستان نے اپنی خسارے میں چلنے والی قومی ایئرلائن، پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (PIA) کی نجکاری آئندہ دو سے تین ماہ میں مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے، جبکہ نیویارک میں واقع تاریخی روزویلٹ ہوٹل کے لیے دلچسپی کی درخواستیں (EOIs) اگست میں طلب کی جائیں گی۔روزویلٹ ہوٹل کے لیے مالی مشیر ٹرانزیکشن اسٹرکچر کو حتمی شکل دے رہا ہے، جبکہ پی آئی اے کی نجکاری کا عمل حتمی مراحل میں داخل ہو چکا ہے۔ اب تک پانچ پارٹیوں نے ایئرلائن کے لیے دلچسپی ظاہر کی ہے، جن میں سے چار کو سکروٹنی کمیٹی نے جانچ پڑتال کے لیے اہل قرار دے دیا ہے۔ ان شارٹ لسٹڈ بولی دہندگان کو منگل کے روز پی آئی اے کے مالیاتی اور عملیاتی ریکارڈ تک رسائی دے دی گئی ہے۔نجکاری کمیشن کے سیکریٹری عثمان باجوہ نے قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے نجکاری کو بریفنگ دی، جس کی صدارت رکنِ اسمبلی ڈاکٹر فاروق ستار نے کی۔حکومت کا مقصد ہے کہ پی آئی اے کی نجکاری سال 2025 کی آخری سہ ماہی تک مکمل کر لی جائے، تاہم باجوہ نے زور دیا کہ جب تک سرمایہ کار مکمل طور پر مطمئن نہ ہوں، کوئی فیصلہ نہیں کیا جائے گا۔