حج سے محروم رہ جانےوالے 67ہزار عازمین کا مسئلہ حل کیا جائے، چیئر مین قائمہ کمیٹی

15 جولائی ، 2025

اسلام آ باد ( رانا غلام قادر) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی کے چیئر مین ملک عامر ڈوگر نے وزارت مذہبی امور کو ہدایت کی ہے کہ جو 67ہزار پرائیویٹ عازمین رہ گئے تھے ان کا مستقبل میں مسئلہ حل کیا جائے ،ان کے حج واجبات واپس کئے جائیں اور انہیں حج2026میں اکا موڈیٹ کیا جا ئے،کابینہ کمیٹی 67ہزار عازمین کے ساتھ جو ہوا اسے دیکھے،  کمیٹی نے بھارت، بنگلہ دیش، ایران سمیت پاکستان کے قریبی ممالک کے حج اخراجات پر  بریفنگ طلب  کر لی ، قائمہ کمیٹی برائے مذہبی امور نے آئندہ اجلاس میں بھارت، بنگلہ دیش، ایران سمیت پاکستان کے قریبی ممالک کے حج اخراجات پر تقابلی بریفنگ طلب کر لی اور متروکہ وقف املاک پر اگلے اجلاس میں وزارت مذہبی امور کو تفصیلی بریفنگ دینے کی ہدایت کی۔ انہوں نے یہ ہدایت گزشتہ روز قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے مذہبی امور کے اجلاس میں دی، وفاقی وزیر مذہبی امور سردار یوسف نے کہا کہ نجی حج سکیم کے فریضہ حج سے محروم رہ جانے والے 63 ہزار عازمین کے 365 ملین ریال سعودی عرب میں پڑے ہیں، نجی حج ٹورآپریٹرز کی تنظیم چاہتی ہے کہ جو افراد گذشتہ سال حج کی سعادت سے محروم رہ گئے ان کو آئندہ سال ترجیح دی جائے،حج 2026کیلئے چار لاکھ پچپن ہزار عازمین حج نے رجسٹریشن کرائی ہے۔