پاکستان، ایران اور عراق وزرائے داخلہ کا اجلاس، زائرین کی سہولت کیلئے مشترکہ ورکنگ گروپ تشکیل دینے پر اتفاق

15 جولائی ، 2025

تہران/اسلام آباد (اے پی پی/طاہر خلیل) ایران کے دارالحکومت تہران میں پاکستان، ایران اور عراق کے وزرا داخلہ کی سہ ملکی کانفرنس میں زائرین کی سہولت کیلئے تینوں ممالک کے مابین مشترکہ ورکنگ گروپ تشکیل دینے پر اتفاق کیا ہے، جبکہ وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہن اہے کہ پاکستانی زائرین بغیر آرگنائزر گروپ کے عراق نہیں جاسکیں گے، پاکستان نے ایران پر حملے کی کھل کر مذمت اور دفاعی حق کی حمایت کرتا ہے،پاکستانی عوام مشکل وقت میں ایرانی عوام کے شانہ بشانہ کھڑے رہے اور آئندہ بھی ایران کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے تہران میں سہ فریقی کانفرنس سے خطاب اور بعدازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ تفصیلات کے مطابق ایران کے دارالحکومت تہران میں پاکستان، ایران اور عراق کے وزرا داخلہ کی سہ ملکی کانفرنس میں زائرین کی سہولت کیلئے تینوں ممالک کے مابین مشترکہ ورکنگ گروپ تشکیل دینے پر اتفاق کیا گیا، تینوں ممالک کے وزرا داخلہ کے درمیان زائرین کے مسئلہ پر انتہائی مفید گفتگو ہوئی اور فیصلہ کیا گیا کہ اربعین جانے والے زائرین کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے گی جس کیلئے تینوں ملک مشترکہ حکمت عملی اختیار کرینگے۔