FC کو ملک بھر میں کام کرنے کا اختیار مل گیا، فیڈرل فورس میں تبدیل، آرڈیننس جاری

15 جولائی ، 2025

اسلام آباد ( طاہر خلیل، نمائندہ خصوصی ) ایف سی کو ملک بھر میں کام کرنیکا اختیار مل گیا ،فیڈرل فورس میں تبدیل، آرڈیننس جاری کر دیا گیا ، صدراتی آرڈیننس کے تحت وفاقی حکومت کو فرنٹیئر کانسٹیبلری کو وفاقی کانسٹیبلری میں تبدیل کرنے کے اختیارات حاصل ہوگئے ، تاکہ ملک بھر میں امن و امان برقرار رکھا جا سکے،سربراہی انسپکٹر جنرل کریگا، ریزرو فورس کے طور پر استعمال ہو گی ،سربراہی  انسپکٹر جنرل کریگا، ریزرو فورس کے طور پر استعمال ہو گی ، فرنٹیئر کانسٹیبلری (تنظیمِ نو) آرڈیننس، 2025 فوری نافذالعمل، ادھر وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ ایف سی میں پورے ملک سے لوگ بھرتی کیے جائیں گے، عصر حاضر کے تقاضوں کے مطابق نئے ونگز بنائے جائینگے ،قیام امن کیلئے ایف سی کا خصوصی کردار ہو گا ۔ صدر مملکت آصف علی زرداری کے دستخطوں سے جاری کردہ آرڈیننس کے اجرا کے فوراً بعد وزارتِ قانون و انصاف نے اس حوالے سے ایک باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ، آرڈیننس کے مطابق فرنٹیئر کانسٹیبلری ابتدائی طور پر سرحدی علاقوں میں امن و امان قائم رکھنے، ان علاقوں کی سلامتی یقینی بنانے اور عوامی امن کو برقرار رکھنے کے لیے قائم کی گئی تھی تاہم قومی سلامتی کے بدلتے ہوئے حالات، ہنگامی صورتحال کی بڑھتی ہوئی تعداد، قدرتی آفات، سول بے چینی اور دیگر نئے خطرات کے پیش نظر ایک زیادہ لچکدار اور ہمہ جہت فورس کی ضرورت محسوس کی گئی، جو ان چیلنجز کا فوری اور مؤثر انداز میں مقابلہ کر سکے، چونکہ سینیٹ اور قومی اسمبلی کا اجلاس جاری نہیں اور اسلامی جمہوریہ پاکستان کے صدر مطمئن ہیں کہ فوری اقدام اٹھانا ضروری ہے لہٰذا یہ آرڈیننس جاری کیا گیا ۔