PTI افرا تفری چاہتی ہے، عوامی پذیرائی نہیں ملے گی، احسن اقبال

15 جولائی ، 2025

کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیو کے پروگرام ’’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘‘میں گفتگو کرتے ہوئے ن لیگ کے رہنما اور وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا ہے کہ تحریک انصاف افرا تفری چاہتی ہے اور عوام کی طرف سے انہیں پذیرائی نہیں ملے گی۔ حکومت جمہوری آزادیوں کا احترام کرتی ہے لیکن تحریک انصاف کا ماضی پرتشدد ہے، حکومت جب تک پرامن رہے گی جب تک تحریک انصاف پرامن رہے گی ، نمائندہ جیو نیوز حیدر شیرازی نے کہا کہ پی ٹی آئی کے فیصلے5 افراد کر رہے ہیں جس میں شبلی فراز، عمر ایوب، بیرسٹر گوہر، علی امین ، شیخ وقاص اور پھر ان لوگوں کے ساتھ صاحبزادہ حامد رضا بھی مختلف امور پر مشاورت کرتے رہتے ہیں،علیمہ خان عمران خان سے مشاورت کرنے جائیں گی اس کے بعد ہی پالیسی واضح ہوگی کہ عمران خان کیا چاہتے ہیں۔ ن لیگ کے رہنما اور وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ اگر تحریک انصاف کی سیاست پر نظر ڈالیں جب انہوں نے پہلی دفعہ لانگ مارچ کیا تھا اس وقت سے یہ منفی سیاست کر رہے ہیں یا دھرنے اور احتجاج کے موڈ میں ہی رہتے ہیں جب حکومت میں تھے تب بھی اپوزیشن والا رویہ اختیار کرتے رہتے تھے۔