گٹھ جوڑ اور گمراہ کن مارکیٹنگ پر متعدد کمپنیوں پر 1 ارب روپے سے زائد جرمانے

15 جولائی ، 2025

اسلام آباد( تنویر ہاشمی) مسابقتی کمیشن آف پاکستان نے گزشتہ مالی سال 2024-25میں گٹھ جوڑاور گمراہ کن مارکیٹنگ پر مختلف شعبوں پر ایک ارب روپے سے زائد جرمانے عائد کیے، مسابقتی کمیشن نے گمراہ کن مارکیٹنگ اور گٹھ جوڑ بنا کر قیمتوں کو فکس کرنے کی سرگرمیوں میں ملوث کاروباری اداروں کے خلاف 12 احکامات جاری کیے اورکمپٹیشن قوانین کی خلاف ورزی پر کھاد، پولٹری، آٹوموبائل، فارماسیوٹیکل، رئیل اسیٹ، خوراک، صحت و صفائی کی مصنوعات، پینٹس اور تعلیم کے شعبوں سے منسلک کاروباری اداروں پر ایک ارب روپے سے زائد جرمانے کیے گئے ،مسابقتی کمیشن نے 12 آرڈرز میں سے گمراہ کن مارکیٹنگ کے خلاف آٹھ، گٹھ جور بنا کر قیمتیں فکس کرنے پر تین جبکہ ایک آرڈر لاہور ہائیکورٹ کی ہدایت پر رجسٹرڈ ٹریڈ مارک کے غیرقانونی استعمال کے خلاف کارروائی کے لئے کمیشن کی قانونی حدود متعین کرنے کے لئے کیا گیا،کمیشن کے اہم ترین حکم ناموں میں چھ فرٹیلائزر کمپنیوں اور ان کی ایسوی ایشن کے خلاف یوریا کھاد کی قیمتیں فکس کرنے پر مجموعی طور پر 37 کروڑ 50 لاکھ روپے کا جرمانہ عائد کیا گیا۔