اسلام آباد/لاہور(حنیف خالد/آصف محمود بٹ /فاروق اقدس/راناغلام قادر)برطانیہ نے پاکستان کو اپنی ایئر سیفٹی لسٹ سے باضابطہ طور پر خارج کر دیا ہے جس سے پاکستانی فضائی کمپنیوں کی برطانیہ کیلئے پروازوں پر5سال سے عائد پابندی ختم ہو گئی ہے‘اب پاکستانی فضائی کمپنیاں یو کے سول ایوی ایشن اتھارٹی سے آپریٹنگ پرمٹ حاصل کرنے کیلئے درخواست دے سکتی ہیں جو براہ راست پروازوں کی بحالی کی جانب پہلا قدم ہوگا۔ برطانوی ایئر سیفٹی کمیٹی نے تسلیم کیا کہ پاکستان نے بین الاقوامی فضائی تحفظ کے معیارات پر کامیابی سے عملدرآمد کیا ہے۔پاکستان میں برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہاکہ اگرچہ فی الوقت براہِ راست پروازیں بحال نہیں ہو رہیں مگر میں اس دن کی منتظر ہوں جب کسی پاکستانی ایئرلائن کے ذریعے اپنے اہل خانہ اور دوستوں سے ملاقات کے لیے سفر کر سکوں گی‘ وزیراعظم شہباز شریف نے قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہاکہ قومی ایئر لائن کی برطانیہ کے لیے پروازیں بحال ہونے سے پاکستان کو سچائی کی بنیاد پر سرخروئی حاصل ہوئی‘ برطانیہ، پاکستان کا تیسرا بڑا تجارتی شراکت دار ہے‘ پی ٹی آئی رہنماؤںکے غیر ذمہ دارانہ بیانات کی وجہ سے ماضی میں پاکستانی پروازوں پر پابندیاں لگیںجبکہ وزیردفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان اورسابق وزیر ہوابازی غلام سرور نے پی آئی اے کو قبرستان بنا دیا تھا‘ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ اجتماعی ہوگا اور کابینہ فیصلہ کرے گی۔پی آئی اے ترجمان عبداللہ حفیظ خان کے مطابق برطانوی آپریشن کا باضابطہ آغاز اسلام آباد سے مانچسٹر کی پروازوں سے ہوگا، شیڈول کی منظوری ملتے ہی ابتدائی طور پر ہفتہ وار تین پروازیں چلائی جائیں گی ۔ تفصیلات کے مطابق برطانیہ نے پاکستان کو اپنی ایئر سیفٹی لسٹ سے خارج کر دیا ہے، جس کے نتیجے میں پاکستانی ایئرلائنز کو برطانیہ کے لیے براہِ راست پروازیں بحال کرنے کی راہ مل گئی ہے۔برطانوی حکومت کی جانب سے یہ فیصلہ پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی (PCAA) اور برطانوی ایئر سیفٹی کمیٹی کے مابین تکنیکی تعاون اور طویل المدتی اقدامات کے بعد سامنے آیا ہے، جن کے ذریعے ہوابازی کے عالمی معیار کے مطابق سکیورٹی اور سیفٹی سسٹمز کو بہتر بنایا گیا۔برطانوی ہائی کمشنرجین میریٹ نے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہایہ ایک خوش آئند قدم ہے۔برطانوی سول ایوی ایشن اتھارٹی اب پاکستانی ایئرلائنز کی جانب سے پروازوں کے اجازت ناموں کی درخواستیں وصول کرے گی، تاہم ہر ایئرلائن کو اپنی سروس کے آغاز سے قبل تمام آپریشنل اور ریگولیٹری تقاضے مکمل کرنے ہوں گے۔صدر لاہور چیمبر آف کامرس میاں ابو ذر شاد نے ’’جنگ‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ فیصلہ نہ صرف سیاحت بلکہ دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ میں بھی کلیدی کردار ادا کرے گا۔ تاجر برادری فیصلے کو سراہتی ہے۔براہِ راست پروازوں کی بحالی سے کاروباری روابط میں وسعت اور نئی سرمایہ کاری کے مواقع پیدا ہوں گے۔ برطانیہ میں مقیم پاکستانی برادری اور کاروباری شخصیات نے فیصلے کو سراہتے ہوئے حکومتِ پاکستان اور متعلقہ اداروں کی کاوشوں پر اطمینان کا اظہار کیا ہے اور اُمید ظاہر کی ہے کہ جلد پاکستانی ایئرلائنز ایک بار پھر برطانوی فضاؤں میں بلند پرواز کریں گی۔پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی (PCAA) نے اعلان کیا ہے کہ برطانیہ کے ڈیپارٹمنٹ فار ٹرانسپورٹ نے، برطانوی ایئر سیفٹی کمیٹی کے ذریعے، پاکستان کو اپنی ایئر سیفٹی لسٹ سے نکال دیا ہے۔ اس اہم پیشرفت کے بعد تمام پاکستانی ایئر لائنز کو برطانیہ کے لیے براہ راست پروازوں کی اجازت حاصل کرنے کے لیے درخواست دینے کا موقع مل گیا ہے۔ پی سی اے اے نے اپنے تکنیکی ماہرین کی کوششوں کو بھی سراہا ہے جن کی پیشہ ورانہ مہارت اور محنت اس اہم کامیابی کے پیچھے کارفرما رہی۔ڈائریکٹر جنرل سول ایوی ایشن اتھارٹی، نادر شفیع در نے برطانوی محکمہ ٹرانسپورٹ اور ایئر سیفٹی یونٹ کا شفاف اور جامع ڈیلِسٹنگ پراسیس پر شکریہ ادا کیا۔ بعد ازاں انہیں برطانوی ہائی کمیشن اسلام آباد مدعو کیا گیا جہاں انہوں نے برطانوی ہائی کمیشن کے کردار کو سراہا جو اس پورے عمل میں کلیدی رہا۔ علاوہ ازیں پی آئی اے کے ترجمان عبداللہ حفیظ خان نے جاری اعلامیہ میں کہا کہ پی آئی اے کم سے کم وقت میں برطانیہ کے لئے پروازیں چلانے کی تیاری مکمل کر رہی ہے اور اس ضمن میں شیڈول فائنل کیا جا رہا ہے ۔برطانوی آپریشن کا باضابطہ آغاز اسلام آباد سے مانچسٹر کی پروازوں سے ہوگا، شیڈول کی منظوری ملتے ہی ابتدائی طور پر ہفتہ وار تین پروازیں چلائی جائیں گی۔ دریں اثناءوزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ 2020 میں پی ٹی آئی حکومت کے وزیر ہوا بازی غلام سرورخان کے غیرذمہ دارانہ بیان کی وجہ سے پابندی لگی، یہ فعل ملک کے خلاف ایک جرم تھا جو نہ صرف غلام سرور خان سے سرزد ہوا بلکہ اس کی ذمہ داری اس وقت کے وزیراعظم پربھی عائد ہوتی ہے جس سے اربوں روپے کے نقصان کے ساتھ ساتھ قومی وقار بھی مجروح ہوا۔پی آئی اے کو عمران خان اور غلام سرور خان نے مل کر نقصان پہنچایا ‘ یہ سب کچھ کیوں اورکیسے ہوا یہ پتہ لگانا ہماری ذمہ داری ہے۔
اسلام آباد امریکہ ایران کشیدگی: تیل 87 ڈالر سے اوپر، عالمی مارکیٹوں میں مندی کا رجحان، برینٹ کروڈ 87.33 ڈالر کا...
کراچی وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور سینیٹر رانا ثناء اللہ نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن نے شہدا سے متعلق...
ڈڈیال پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے مطالبہ کیا ہے کہ کشمیر کے مسائل کے حل کے لیے ٹروتھ...
اسلام آباد پٹرول316.15 اور ڈیزل354.35روپے کا ہوگیا،حکومت نے پٹرول 5 روپے 44 پیسے اور ڈیزل31 روپے 5 پیسے فی لیٹر مزید...
اسلام آباد پاکستان کو گزشتہ مالی سال میں 16.2 ارب ڈالر کے غیر ملکی قرضے موصول، چین نے بڑا کردار ادا کیا؛...
سلام آباد سابق آرمی چیف جنرلراحیل شریف نے کہا ہے کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف ایک بھرپور جنگ لڑی، قومی...
اسلام آباد شنگھائی تعاون تنظیم کے شرکاء نے اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ سرحدوں پر ابھرتے ہوئے خطرات اور چیلنجز...
اسلام آباد پاکستان ایل این جی لمیٹڈ کی جانب سے ساتویں اسپاٹ کارگو کے لیے بولیاں طلب، جولائی کے آخر میں...