ہمیں لوگوں کی تکلیف کا پوری طرح احساس ہے،وزیر پٹرولیم

17 جولائی ، 2025

کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیوکےپروگرام ’’کیپٹل ٹاک‘‘ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ ہمیں لوگوں کی تکلیف کا پوری طرح احساس ہے۔ سلمان اکرم نے کہا کہ پانچ اگست تک ہم اس پوزیشن میں ہوں گے کہ اس تحریک کو روز مرہ کی بنیاد پر چلائیں اور کامیابی کی جانب لے جائیں ۔میزبان حامد میر نے تجزیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ عالمی مارکیٹ میں پیٹرول سستا پاکستان میں مہنگا،اسرائیل نے آج شام پر حملہ کیا ہے اگر یہ جنگ بڑھی تو پاکستان پر بھی اثرات آسکتے ہیں ۔ برطانیہ نے پاکستان کی پروازوں پر پابندی ختم کر دی ہے۔ملک میں احتجاج کا موسم ہے کئی لوگوں نے احتجاج کا اعلان کر رکھا ہے۔حافظ نعیم شوگر مافیا اور حکومتی سرپرستی پر بھی احتجاج کرنے جارہے ہیں۔کل رات کو پھر پیٹرول میں اضافہ ہوا ہے جبکہ عالمی مارکیٹ میں پیٹرول سستا ہوا ہے۔سیکرٹری جنرل تحریک انصاف سلمان اکرم راجانے کہا کہ عمران خان نے جو بات کہی ہے وہی آخری ہے پانچ اگست کو تحریک عروج پر ہوگی ہم پرامن طریقے سے آگے بڑھیں گے۔ نوے دن والی بات پر سلمان اکرم کا کہنا تھا کہ علی امین کا گفتگو کا اپنا انداز ہے ان کی اپنی سوچ ہے پارٹی کا اس حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں ہوا انہوں نے شاید یہ کہا ہے کہ نوے دن بعد ان کا پیمانہ لبریز ہوجائے گا پارٹی کا ایسا کوئی پیمانہ نہیں ہے ہم اس سے پہلے فتح حاصل کریں گے عمران خان کی رہائی اس قوم کی رہائی ہوگی۔ علی پرویز ملک نے مزید کہا کہ جنگ یقیناً سیٹل ہوگئی ہے لیکن جب جنگ جاری تھی کہیں کسی جگہ ٹیکس نہیں بڑھایا گیا ۔