5 سال میں 80 ہزار سے زائد شناختی کارڈ بلاک ، کے پپی سر فہرست، بلوچستان دو نمبر پر وزارت داخلہ

17 جولائی ، 2025

اسلام آباد ( طاہر خلیل ) وزارت داخلہ کے مطابق ملک میں گذشتہ پانچ سال کے دوران 80 ہزار سے زائد شناختی کارڈ بلاک کیے گئے ہیں۔ فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں سب سے زیادہ شناختی کارڈ صوبہ خیبر پختونخوا سے بلاک یا ضبط کیے گئے ہیں۔ دستاویزات کے مطابق صوبہ خیبر پختونخوا سے ضبط یا بلاک کیے گئے شناختی کارڈز کی تعداد 28ہزار645ہے جبکہ صوبہ بلوچستان اس فہرست میں دوسرے نمبر پر ہے جہاں 21 ہزار 839 شناختی کارڈ ضبط یا بلاک کیے گئے ہیں۔اس حوالے سے وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری کے مطابق کہ ’چونکہ بیشتر افغان باشندے صوبہ خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں مقیم ہیں اس لیے وہاں ضبط کیے گئے شناختی کارڈز کی تعداد زیادہ ہے۔‘قومی شناختی کارڈ صرف پاکستانی شہریوں کو جاری ہوتا ہے، افغان شہری اگر یہ کارڈ رکھتے ہیں تو وہ جعلی یا غیر قانونی ہیں اور انہیں ضبط یا منسوخ کیا جاتا ہے۔وزارت داخلہ کے مطابق شناختی کارڈ مختلف وجوہات کی بنیاد پر ضبط کیے گئے ہیں جن میں جعلی دستاویزات کا ہونا، شہریت کی تصدیق نہ ہونا یا قانونی پیچیدگیاں شامل ہیں۔