لاہور اور یگر شہروں میں بارشوں نے تباہی مچادی ، چھتیں ، دایوریں گرنے سے 48 افراد جاں بحق

17 جولائی ، 2025

لاہور،وزیرآباد،اوکاڑہ، فیصل آباد، ننکانہ ، بہاولنگر،ملکوال(نیوز رپورٹر،کرائم رپوٹر،نمائندگان جنگ،نامہ نگاران)لاہور سمیت ملک بھر میں موسلا دھار بارشوں سے تباہی جاری ہے،لاہور و دیگر شہروں میں چھتیں ،دیواریں گرنے سے مزید 48افراد جاں بحق جبکہ درجنوں زخمی ہوگئے،گھنٹوں بارش جاری رہنے کی وجہ سے گلیاں ،سڑکیں ندی نالوں میں تبدیل ہو گئیں،درجنوں فیڈرز ٹرپ کر گئے جس سے بجلی کی سپلائی معطل ہونے سے مشکلات میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں میں پنجاب کے بیشتر اضلاع میں مزید موسلادھار بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔لاہور اور گردونواح میں رات بھر وقفے وقفے سے موسلا دھار بارش سے متعدد شاہراہیں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں، دن میں بھی وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہا ۔واسا کے مطابق صوبائی دارالحکومت کے علاقے پانی والا تالاب میں سب سے زیادہ 171 ملی میٹر، اقبال ٹاؤن میں 169 ملی میٹر، تاجپورہ میں 167 ملی میٹر، مغلپورہ میں 135، لکشمی چوک میں 133 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔اسلام آباد اور راولپنڈی میں بھی بادل خوب برسے جس کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آ گئے۔دوسری جانب پنجاب کے مختلف شہروں ڈسکہ، حافظ آباد، وزیرآباد، سانگلہ ہل،بہاولنگر، گوجرانوالہ، فیصل آباد، ننکانہ صاحب، منچن آباد، بہاولنگر، پاکپتن، عارف والا، قصور اور فاروق آباد میں بھی گھنٹوں بارش جاری رہی جس سے نشیبی علاقے ڈوب گئے۔ریسکیو حکام کے مطابق بارش کے باعث لاہور کے علاقے ٹھوکر نیاز بیگ کے گاؤں مرید وال میں گھر کی چھت گرنے سے ایک ہی خاندان کے 5 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ 2 افراد زخمی ہوئے، جاں بحق افراد میں 60 سالہ مانگا، 55 سالہ عشرت، 3 سالہ خدیجہ، 4 سالہ لطیفہ اور 35 سالہ رانی، جبکہ زخمیوں میں 30 سالہ فیصل اور 5 سالہ ببلی شامل ہیں۔حکام کے مطابق رائیونڈ کے علاقے مشن کالونی میں مکان کی چھت گرنے سے 3 افراد جان کی بازی ہار گئے، ایک شخص کو زندہ نکال لیا گیا، کوٹ جمال رائیونڈ روڈ میں ہی چھت گرنے سے ایک شخص جاں بحق اور 3 افراد زخمی ہوئے۔