اسرائیلی آبادکاروں کے ہاتھوں شہری کا قتل،امریکہ کا تحقیقات کا مطالبہ

17 جولائی ، 2025

کراچی (نیوز ڈیسک) امریکہ نے اسرائیل سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ مقبوضہ مغربی کنارے میں آبادکاروں کے ہاتھوں امریکی شہری سیف اللہ مسلّت کے قتل کی فوری اور سخت تحقیقات کرے۔ 20 سالہ سیف اللہ، جو امریکی ریاست فلوریڈا میں پیدا ہوا تھا، فلسطینی شہر سنجیل میں اپنے خاندان سے ملنے آیا تھا جب اسے اسرائیلی آبادکاروں نے تشدد کا نشانہ بنا کر شہید کر دیا۔امریکی سفیر مائیک ہکابی نے اس واقعے کو "دہشت گردی" اور "مجرمانہ" عمل قرار دیا، حالانکہ وہ خود اسرائیل کے حامی سمجھے جاتے ہیں۔ انہوں نے اسرائیل سے شدید اور مکمل تحقیقات کا مطالبہ کیا، لیکن واشنگٹن کی طرف سے علیحدہ تحقیقات کا کوئی عندیہ نہیں دیا۔