صوبائی وزراء اور سیاسی جماعتوں نے قلات میں مسافر بس پر حملے اور بے گناہ شہریوں کی شہادت کی شدید مذمت کی

17 جولائی ، 2025

کوئٹہ(خ ن/جنگ نیوز)صوبائی وزراء اور سیاسی جماعتوں نے قلات میں مسافر بس پر حملے اور بے گناہ شہریوں کی شہادت کی شدید مذمت کی ہے، صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ نےکہا کہ اس سفاکانہ حملے میں ملوث عناصر کسی بھی رعایت کے مستحق نہیں اور ان سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ واقعہ کے فوری بعد قلات اور کوئٹہ کے تمام بڑے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی تھی اور زخمیوں کے علاج و معالجے کی مکمل نگرانی خود کر رہا ہوں۔صوبائی مشیر برائے کھیل و امورِ نوجوانان محترمہ مینا مجید بلوچ نے واقعے کو انتہائی افسوسناک، بزدلانہ اور انسانیت سوز دہشتگردی قرار دیتے ہوئے کہا کہ بے گناہ اور نہتے شہریوں کو نشانہ بنانا درندگی کی بدترین مثال ہے اور ایسی بزدلانہ کارروائیاں ملک دشمن عناصر کے مذموم عزائم کو ظاہر کرتی ہیں۔،بائی وزیر خوراک حاجی نورمحمد دمڑ نے کہاکہ ایسے واقعات میں ملوث عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا بے گناہ لوگوں کے خون سے آلودہ ہاتھ جلد قانون کی گرفت میں ہونگے۔پاکستان مسلم لیگ(ن) بلوچستان کے جنرل سیکرٹری ورکن قومی اسمبلی جمال شاہ کاکڑنے کہاہے کہ ایسے واقعات کسی صورت قابل قبول نہیں ہے ،عام وبے گناہ افراد کو نشانہ بنانے کی کسی بھی معاشرے میں مثال نہیں ملتی ۔جمعیت علمااسلام بلوچستان کے صوبائی پریس ریلیز میں کہا کہ قلات میں مسافر کوچ پر حملہ افسوسناک ہے بلوچستان میں بدامنی چوری ڈکیتی دن بدن بڑھتی جارہی ہےجو حکومت شہریوں کو تحفظ نہ دے سکے، اسے حکمرانی کا کوئی حق نہیں۔جمعیت علما اسلام ضلع کوئٹہ کے امیر شیخ الحدیث مولانا حافظ حسین احمد شرودی حاجی عبدالصادق نورزئی و دیگر رہنمائوں نے کہا ہےکہ یہ واقعہ حکومت کی امن و امان قائم کرنے میں مکمل ناکامی کا واضح ثبوت ہے۔ معصوم شہریوں کا خون بہایا جانا انتہائی قابل مذمت فعل ہے جو کسی بھی مہذب معاشرے میں قابل قبول نہیں۔ جمعیت نظریاتی پاکستان کے مرکزی قائم مقام امیرمولاناعبدالقادرلو نی و دیگر رہنمائوں نے کہاکہ نہتے مسافروں کونشانہ بنانے والے انسانیت کے دشمن کسی رعایت کے مستحق نہیں۔