اسلام آباد(نامہ نگار خصوصی)نائب وزیر اعظم اور وزیرخارجہ اسحٰق ڈارکی کابل آمد‘ افغانستان وزیراعظم ملا محمد حسن اخونداورقائم مقام وزیر داخلہ سراج الدین حقانی سے ملاقاتیں‘امن وسلامتی ‘ سرحدی امور‘تجارت و ٹرانزٹ تعاون اور علاقائی رابطہ کاری سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال‘خطے کے ممالک کو درپیش خطرات کے خاتمے کی اہمیت پر زور‘فریقین نے مشترکہ تعاون کے عزم کا اعادہ کیا اور دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے کے لئے اعلیٰ سطحی رابطوں کو برقرار رکھنے پر اتفاق کیا ۔ ادھرکابل میں ازبک‘افغان‘پاکستان ریلوے کوریڈور کے تحت نائب آباد-خرلاچی ریلوے لنک کے لیے مشترکہ فیزیبلٹی اسٹڈی کے فریم ورک معاہدے پر دستخط ہوگئے۔نائب وزیراعظم و وزیرخارجہ اسحٰق ڈار نے کہاکہ یواے پی ریلوے کوریڈوروسطی ایشیائی ممالک کو افغانستان کے راستے پاکستانی بندرگاہوں سے جوڑے گا‘ انہوں نےازبکستان اور افغانستان کے وزرائے خارجہ کا شکریہ اداکرتے ہوئے کہاکہ ہم نے برادر ممالک کے ساتھ مل کر اس انقلابی منصوبے کی بنیاد رکھی‘ یہ منصوبہ علاقائی رابطے اور اقتصادی انضمام کو فروغ دینے میں ایک اہم سنگ میل ہے‘انہوں نے کہاکہ میں پاکستان‘ افغانستان اور ازبکستان کے عوام اور حکومتوں کو معاہدے پر دستخط ہونے پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔