بھارت نے روس سے تعلقات پرنیٹو کی دھمکی سختی سے مسترد کردی

18 جولائی ، 2025

کراچی ( جنگ نیوز)جمعرات کو بھارت نے نیٹو کے سیکریٹری جنرل مارک روٹے کی طرف سے ماسکو کے ساتھ تعلقات پر ثانوی پابندیوں کی دھمکی کو سختی سے مسترد کر دیا اور کہا کہ روس سے توانائی کی خریداری قومی مفاد اور منڈی کی حرکیات کی بنیاد پر کی جا رہی ہے۔رپورٹس کے مطابق مارک روٹے نے بھارت، چین اور برازیل کو خبردار کیا تھا کہ اگر وہ روس کے ساتھ کاروبار جاری رکھتے ہیں تو انہیں سخت ثانوی پابندیوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ہفتہ وار میڈیا بریفنگ میں بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے کہا"ہم نے اس معاملے پر رپورٹس دیکھی ہیں اور ہم حالات پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔ میں ایک بار پھر واضح کرنا چاہوں گا کہ ہماری توانائی کی ضروریات کو پورا کرنا ہماری اولین ترجیح ہےاس مقصد کے حصول میں ہم مارکیٹ میں دستیاب مواقع اور موجودہ عالمی حالات کو مدنظر رکھتے ہیں۔ ہم خاص طور پر اس معاملے میں کسی بھی قسم کے دوہرے معیار سے خبردار کرتے ہیں۔"جب ان سے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے روسی برآمدات پر 100 فیصد ٹیرف اور روس سے تجارتی تعلقات رکھنے والے ممالک پر "ثانوی ٹیرف" کی دھمکی کے بارے میں سوال کیا گیا تو جیسوال نے کہا"ہم اس حوالے سے ہونے والی پیش رفت اور بیانات پر قریبی نظر رکھے ہوئے ہیں۔"یاد رہے کہ بھارت، چین اور برازیل مغربی پابندیوں کے باوجود روسی خام تیل کے بڑے خریدار رہے ہیں۔