سٹاک مارکیٹ میں نیا ریکارڈ ، انڈیکس ایک لاکھ 38ہزار کی حد عبور کرگیا

18 جولائی ، 2025

لاہور (سٹاف رپورٹر)گزشتہ روز بھی سٹاک مارکیٹ میں تیزی کا رجحان رہا۔تین سو سے زائد کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ سمیت انڈیکس اضافہ کے بعد ایک لاکھ 38ہزار کی سطح عبور کر گیا۔مارکیٹ میں کاروبار کا آغاز ہی تیزی سے ہوا جس میں اضافہ ہوتا رہا اور ایک موقع پر انڈیکس2564پوائنٹ تک بڑھ گیا اس دوران متعدد مرتبہ سیل اور پرافٹ ٹیکنگ کا پریشر بھی آیا مگر جذب ہوگیا۔کاروباری حجم میں ایک دن قبل کے مقابلہ میں اضافہ تھا جبکہ زیادہ سرگرمی بینک، سیمنٹ،پاوراور گیس سیکٹر میں تھی۔مارکیٹ میں سٹہ بازی کے باعث حصص کی قیمتوں اور کاروباری حجم میں مصنوعی اضافہ کرنے کا عمل بھی برقرار تھا۔ مارکیٹ کو زیادہ سپورٹ میوچل فنڈز نے بھاری خریداری کر کے دی۔ ساتھ ہی کمپنیوں، بروکروں، انشورنس سیکٹر اور اداروں کی بھی نیٹ خریداری تھی۔ اس کے برعکس مقامی،نجی سرمایہ کاروں، بیرونی اداروں اور بینکوں نے نیٹ سیل اور پرافٹ ٹیکنگ کی۔مارکیٹ میں تیزی کا باعث بننے والے عناصر میں کمپنیوں کی طرف سے بہتر مالیاتی نتائج اور غیر معمولی ڈیویڈنڈ آنے کی قیاس آرائیاں تھیں۔اختتام پرانڈیکس 2286پوائنٹ کے اضافہ سے 138666پر آ گیا۔306کمپنیوں میں اضافہ،154میں کمی،26میں استحکام رہا۔ 78کروڑ7لاکھ حصص کا کاروبار ہوا۔