غزہ کے واحد چرچ ، خیموں ، امدادی مراکز پر بمباری ، حملے ، 93فلسطینی شہید

18 جولائی ، 2025

غزہ،کراچی (اے ایف پی، نیوز ڈیسک) اسرائیلی طیاروں نے غزہ کے واحد چرچ پر بھی بمباری کردی جس کے نتیجے میں بزرگ خاتون سمیت 3افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے، اسرائیلی فورسز نے خیموں اور امدادی مراکز پربھی بمباری اور حملے کئے ، 24گھنٹوں کے دوران اسرائیلی حملوں میں 93فلسطینی شہید اور سیکڑوں زخمی ہوگئے، وائٹ ہائوس کا کہنا ہے کہ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو بتایا ہے کہ غزہ کے کیتھولک چرچ پر بمباری غلطی سے ہوئی،برطانیہ کے 84ارکان پارلیمنٹ نے ایک خط میں برطانوی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اسرا ئیل پر پابندیاں لگائیں، برطانیہ جنگی جرائم کا مرتکب ہورہا ہے ، اسے اسلحے کی فروخت سمیت اس کیساتھ ہر طرح کی تجارت بند کی جائے۔ یروشلم کے لاطینی پتریاکشیٹ نے چرچ پر بمباری میں تین افراد کے جاں بحق ہونےکی تصدیق کرتے ہوئے شہریوں کے جانی نقصان پر اظہار افسوس کیا ہے ، پوپ لیو چہاردہم نے انسانی جانوں کے ضیاع پر "گہرے دکھ" کا اظہار کیا،اپنے بیان میں پوپ لیو نے فوری طور پر غزہ میں جنگ بندی کا مطالبہ بھی دہرایا ہے۔