این ڈی ایم اے ، آئندہ 24گھنٹوں کے دوران شدید بارش اور سیلاب کا خدشہ

18 جولائی ، 2025

اسلام آ باد ( نیو زرپورٹر) این ڈی ایم اے نےخطرے کی گھنٹی بجا دی ہے اور اگلے 24گھنٹوں کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں شدید بارشوں کے باعث شہروں میں سیلابی صورتحال جبکہ ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ظاہر کردیا ۔ تر جمان این ڈی ایم کے مطا بق پنجاب کے اضلاع بشمول لاہور، چکوال، اٹک، جہلم، خوشاب، سرگودھا، گجرات، گوجرانوالہ، فیصل آباد،سیالکوٹ، نارووال، اوکاڑہ، قصور، شیخوپورہ اور حافظ آباد میں اگلے 12گھنٹوں میں آندھی اور طوفان سمیت شدید بارش کا امکان ہے،راولپنڈی اوراسلام آباداگلے 24 سے 48 گھنٹوں تک وقفے وقفے سے موسلا دھار بارش جاری رہنے کا امکان ہے، نالہ لئی میں ممکنہ طغیانی اور نشیبی علاقوں میں سیلابی صورتحال کا امکان ہے۔ نالہ لئی کے قریبی اور نشیبی علاقوں کے مکین خطرے کا سائرن بجنے کی صورت میں فوراً انخلاء کی تیاری رکھیں اور متعلقہ اداروں کے ساتھ تعاون کریں۔ این ڈی ایم اے اور متعلقہ اداروں کی جانب سے بروقت اقدامات کو یقینی بنایا جا رہا ہے،حساس علاقوں کے مکین ہنگامی صورتحال کے لیے 3 سے 5 دن کی خوراک، پانی اور ادویات پر مشتمل ایمرجنسی کٹ تیار رکھیں، عوام سے گزارش کی ہے کہ موسم اور ممکنہ خطرات کے حوالے سے آگاہی کیلئے پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ ایپ سے راہنمائی لیں۔