دنیا غزہ اور مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی کا نوٹس لے، رانا قاسم نون

18 جولائی ، 2025

ملتان / لاہور ( سٹاف رپورٹر/ اے پی پی) وفاقی وزیر و چیئرمین کشمیر کمیٹی رانا قاسم نون نے کہا ہے کہ پاکستان بالخصوص بلوچستان میں فتنہ الہندوستان فساد برپا کر رہی ہے۔ بلوچستان میں حالیہ دہشت گردی کا ذمہ دار بھارت اور مودی سرکار ہیں، ملتان پریس کلب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں اس مداخلت کو فوری بند کیا جائے۔ رانا قاسم نون نے کہا کہ مقبوضہ کشمیراورغزہ میں انسانی حقوق کی پامالی پرپوری دنیا کو نوٹس لینا ہوگا۔بھارت کو یہ جان لینا چاہیے کہ کشمیر پاکستان کا حصہ ہے اور رہیگا۔ انہوں نے کشمیری حریت رہنماؤں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی ۔ رانا قاسم نون نے پہلگام واقعہ پرگفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے اس کی غیرجانبدارانہ انکوائری کی پیشکش کی مگر بھارت نے ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کیا اور جنگ کو ترجیح دی جس میں مودی کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ جنوبی پنجاب کی محرومیوں کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ یہاں کے مسائل کیلئے ہم نے ہمیشہ آواز بلند کی۔اگر ایک صوبہ بنایا گیا تو دوسرے بھی بنانے پڑیں گے۔ جنوبی پنجاب کا بنیادی مسئلہ یہاں غربت اور پسماندگی کو دور کرنا ہے،جس کیلئے کوششیں جاری ہیں۔ مسلم لیگ ن کے ضلعی صدر بلال بٹ، جنرل سیکریٹری شیخ اطہر ممتاز، سینیئر نائب صدر شاہد مختیار لودھی، سٹی صدر لیبر ونگ منیر اختر لنگاہ، عابد باکسر اور دیگر بھی موجود تھے۔