مری سمیت مزید 3اضلاع میں واسا کے محکمے قائم کرنے کا فیصلہ

18 جولائی ، 2025

اسلام آباد (ساجد چوہدری )پنجاب حکومت نے شہریوں کو صاف پانی کی فراہمی اور سیوریج کی صورتحال کو بہتر بنانے کیلئے مری سمیت مزید تین اضلاع میں واسا کے محکمے قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے ، 10اضلاع میں قائم ہونے والے واسا کے محکموں کے منیجنگ ڈائریکٹروں نے رواں ہفتہ کے دوران اپنے عہدوں کے چارج سنبھال لئے ہیں ، اس طرح پنجاب بھر کے اٹھارہ اضلاع میں واسا کے محکمے ہو جائیں گے ،سرکاری ذرائع کے مطابق پہلے سے پانچ اضلاع راولپنڈی ، لاہور، گوجرانوالہ، ملتان اور فیصل آباد میں واسا کے محکمے کام کر رہے تھے جس کے بعد مزید دس اضلاع جہلم، سرگودھا، سیالکوٹ ، حافظ آباد ، جھنگ،ساہیوال ، اوکاڑہ ، ڈی جی خان ، بہاولپور اور رحیم یار خان میں رواں سال کے شروع میں واسا کے محکموں کے قیام کا نوٹیفیکیشن جاری کیا گیا ،، ذرائع کے مطابق مزید تین اضلاع مری ، گجرات اور شیخوپورہ میں بھی واسا کے محکمے کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اس حوالے سے وزارت ہائوسنگ و پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کی طرف سے سمری صوبائی کابینہ کو بھجوائی جا چکی ہے ، سمری کی منظوری کے بعد نوٹیفیکیشن متوقع ہے ، ذرائع نے بتایا کہ پانی اور سیوریج کی سہولت میونسپل کارپوریشنز کے پاس ہونے کی وجہ سے شہریوں کو یہ سہولت بہتر طریقے سے فراہم نہیں کی جا رہی تھی جس پر صوبائی حکومت نے واسا کے محکمے قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ شہریوں کو پانی اور صفائی وغیرہ کی بہتر سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنایا جاسکے۔ پانی اور سیوریج کا نظام اب واسا نے ٹیک اوور کرنا ہے ، 10اضلاع میں قائم ہونے والے واسا کے نئے محکموں کو یہ ٹاسک سونپ دیا گیا ہے ، ذرائع نے بتایا کہ دس اضلاع میں قائم محکموں کے منیجنگ ڈائریکٹرز تو لگا دیئے گئے ہیں مگر ان کے پاس تاحال سٹاف نہیں اور نہ ہی دفاتر ہیں ، انہیں وزارت ہائوسنگ و پبلک ہیلتھ انجینئرنگ پنجاب مختلف محکموں سے سٹاف فراہم کریگی تاکہ ان نئے محکموں کو چلایا جاسکے پھر ضرورت کے مطابق نیا سٹاف بھرتی کیا جائے گا۔