نیشنل ہائی وے اتھارٹی کو 5میگا منصوبوں پر کام تیز کرنے کا ٹاسک

18 جولائی ، 2025

لاہور(خصوصی رپورٹر)ملک بھر میں نیشنل ہائی وے اتھارٹی کوایم 6سکھر، حیدرآباد موٹروے، ایم 10نادرن بائی پاس اور کاغان، ناران سمیت 5میگا منصوبوں پر کام تیز کرنے کا ٹاسک سونپ دیا گیا ہے۔ وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ہدایت کی کہ چاروں صوبے یکساں اہمیت کے حامل ہیں اور این ایچ اے کو قومی ترجیحات کے مطابق اپنا ترقیاتی کام جلد از جلد مکمل کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اسی سال بلوچستان کے لئے100ارب روپے مختص کیے گئے ہیں جس میں این25سمیت دیگر شاہراہوں کی تعمیر پر تیزی سے کام ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ نئی موٹرویز کو پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت بنایا جائے اور ایسے منصوبے جن کا 90فیصد کام مکمل ہو چکا ہے کی تکمیل ڈیڈ لائن کا تعین کریں تاکہ وزیر اعظم اُن کا افتتاح کر سکیں۔ وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے این ایچ اے کے ریونیو میں ریکارڈ اضافے کو خوش آئند قرار دیا اور ادارے کو آئندہ سال کے نئے اہداف دیتے ہوئے کہا کہ این ایچ اے کو 150ارب روپے کے اپنے وسائل نئی شاہراہوں کی تعمیر پر لگانا ہوں گے۔ وفاقی وزیر نے چاروں صوبوں کے لئے مختلف منصوبوں کی سفارشات کی منظوری دی،اسی طرح انہوں نے گلگت بلتستان کے لئے تمام نئے منصوبوں کو منظور کرتے ہوئے کشادہ سڑکوں، ویٹنگ ایریاز اور حفاظتی باڑکی تعمیر کے احکامات جاری کیے۔