ہنگامی صورتحال نافذ ، عوام کو سیلابی صورتحال سے بچانے کیلئے انتظامیہ ہمہ وقت متحرک رہے ، وزیراعلیٰ مریم نواز

18 جولائی ، 2025

 لاہور(خصوصی نمائندہ)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر پنجاب کے مختلف علاقوں میں غیر معمولی طوفانی بارشوں اور سیلاب کی وجہ سے ہنگامی صورتحال نافذ کر دی گئی۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ انتظامیہ، پولیس، ریسکیو 1122 سمیت دیگر تمام ادارے عوام کو سیلابی صورتحال سے بچانے کیلئے ہمہ وقت متحرک رہیں۔خصوصی اجلاس میں میٹرو بس اور اورنج لائن کیلئےڈیجیٹل پیمنٹ سسٹم متعارف کرانے کا فیصلہ،گریڈ 5 سے 18 تک ٹیکنیکل اسامیوں پر بھرتیوں کی منظوری دی ۔اپنے ایک پیغام میں انہوں نے کہا کہ جہاں انصاف کا چراغ بجھ جائے وہاں ظلم کی تاریکی معاشرے کو نگل لیتی ہے،پنجاب حکومت کی پالیسیوں کا مقصد ہر فرد کو بلا امتیاز حقوق کی فراہمی ہے ۔تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ نے طوفانی بارشوں، ندی نالوں اور دریاؤں میں طغیانی کی صورتحال کا جائزہ لینے کی ہدایت کی اور سول ڈیفنس کے رضاکاروں کو بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیار رہنے کا حکم دیا۔