پنجاب حکومت کا مائنز اینڈ منرلز ایکٹ 2025 کا مسودہ تیار

18 جولائی ، 2025

لاہور (آصف محمود بٹ ) پنجاب حکومت نے صوبے میں معدنی وسائل کے شعبے کو عصرِ حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے ایک جامع قانون مائنز اینڈ منرلز ایکٹ 2025 کا مجوزہ مسودہ مکمل کر لیا ہے، جو جلد ہی صوبائی کابینہ کو منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا۔ مجوزہ قانون نہ صرف معدنی شعبے میں پالیسی، انتظام، اور سرمایہ کاری کے میدان میں ایک نئے دور کا آغاز ثابت ہوگا بلکہ اس کے ذریعے ریاستی کنٹرول، قانونی شفافیت اور تکنیکی بہتری کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔اس قانون کا بنیادی مقصد ایک ایسا مستحکم، قابلِ اعتماد اور بین الاقوامی معیار کا فریم ورک مہیا کرنا ہے جو مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے سازگار ماحول فراہم کرے۔ مجوزہ قانون کے مطابق تمام معدنی وسائل خواہ وہ زمین کی سطح پر ہوں یا زیرِ زمین ریاست کی ملکیت ہوں گے تاکہ وسائل کے غیر قانونی قبضے اور ذاتی ملکیت کے جھگڑوں کا ہمیشہ کے لیے خاتمہ کیا جا سکے۔