سیاسی صورتحال:اسلام آباد میں ہائی الرٹ،فورسز نے کنٹرول سنبھال لیا

07 اپریل ، 2022

کراچی (جنگ نیوز) اسلام آبادمیں ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔ مقتدر حلقوں کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد اسلام آباد کی سیاسی صورت حال میں گڑ بڑ ہو سکتی ہے۔ کہا جا رہا ہے کہ اسلام آباد کے ڈپلومیٹ انکلیو میں حساس اداروں کی موومنٹ بڑھا دی گئی، ایف سی،رینجرز اور پولیس کے کمانڈوز دستوں نے کنٹرول سنبھال لیا ہے۔ ایک اطلاع ہے کہ امریکی، برطانوی سفارت خانوں سمیت کئی اور اہم سفارت خانوں کی سیکورٹی بڑھا کر ان راستوں کی کڑی نگرانی کر دی گئی ہے۔ یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ امریکن سفارت خانے کے عملے نے اپنی رہائش گاہوں کے قریب مشکوک افراد کے آنے جانے کے بارے میں حکام بالا کو مطلع کیا ہے اور اپنے ہیڈکوارٹر کو بھی ایسی صورت حال سے آگاہ کیا ہے۔ کہا جا رہا ہے، امریکہ بہت جلد پاکستان کے اندر اور اس کے سیاسی سسٹم میں انوالومنٹ کے بارے میں ایک تفصیلی جائزہ رپورٹ جاری کرے گا۔ ایک ذرائع کا کہنا ہے امریکہ کے خلاف پاکستان میں ہونے والی سوچ پر امریکن حکام سخت رنجیدہ ہیں لیکن امریکہ ابھی کسی جلدی میں کوئی ایسا قدم نہیں اٹھائے گا، جس سے پاکستان امریکہ کے تعلقات کے حوالے سے کوئی حرف آئے، امریکہ کے حکام جلد پاکستان کے مقتدر حلقوں کے اعلیٰ حکام سے ملاقات کریں گے اور اپنے خلاف چلنے والے عمل پر اپنے تحفظات کا اظہار بھی کریں گے۔