کراچی،لیاری میں ایک اور عمارت کی بالائی منزل گرگئی، 2بہنیں جاں بحق ، 3بچے زخمی

18 جولائی ، 2025

کراچی (اسٹاف رپورٹر)لیاری میں ایک اور رہائشی عمارت گرنے کا واقعہ پیش آیا، لیاری کھڈا مارکیٹ میںجمعرات کو رہائشی عمارت بالائی منزلگرنے سے 2بہنیں جاں بحق اوربچیوں سمیت 3 افراد زخمی ہوگئے ۔ادھر منظور کالونی میں زیر تعمیر مکان کی چھت گرنے سے ملبہ میں دب کر تین افراد زخمی ہوگئے ۔ تفصیلات کے مطابق بغدادی تھانے کی حدود لیاری کھڈا مارکیٹ گلی نمبر3میںواقع 6منزلہ رہائشی عمارت کی دومنزلوں کی چھت اچانک گرگئی ، جاں بحق خواتین کی شناخت 40سالہ حرمت زوجہ رفیق اور 40سالہ حمیدہ زوجہ رضوان کے نام سے کی گئی اور وہ دونوں آپس میں بہنیں تھیں جبکہ زخمیوں میں 12 سالہ بچی جویرہ دختررفیق،15 سالہ حرا دختر رفیق اورسکنہ دختر عبدالرحمان شامل ہیں، ڈی آئی جی سائوتھ سید اسد رضان نے بتایا ہےکہ چھت گرنے کے واقعے میں جاں بحق اورزخمی افراد متاثرہ عمارت کی پانچویں منزل پر رہائش پذیر تھے۔