پنجاب کی جیلوں کو محفوظ بنانے کا منصوبہ،5ارب روپے کی منظور ی

18 جولائی ، 2025

لاہور (اپنے نامہ نگار سے) وزیراعلی پنجاب کی ہدایت پر پنجاب کی جیلوں کو محفوظ بنانے کے تاریخی منصوبے پر اہم پیشرفت۔ حکومت پنجاب نے سیف جیل منصوبے کیلئے 5 ارب روپے منظور کر لیے۔ سیف جیل منصوبے پر عملدرآمد کیلئے سیکرٹری داخلہ ڈاکٹر احمد جاوید قاضی کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ محفوظ جیل منصوبے کے تحت پنجاب کی جیلوں میں 12071 جدید کیمرے نصب ہوں گے۔ جیلوں میں باڈی کیم، پبلک ایڈریس سسٹم، ایکسس کنٹرول سسٹم اور پینک بٹن بھی نصب کیے جائیں گے۔ منصوبے کے تحت 2266 پبلک ایڈریس سسٹم اور پینک بٹن نصب ہونگے۔ اسی طرح پنجاب کی جیلوں میں 369 باڈی کیمرے، 41 باڈی اسکینرز، 656 واکی ٹاکی سسٹم اور 41 انڈر وہیکل سرویلنس سسٹم نصب ہونگے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ کیمروں اور آلات کی تنصیب کیلئے رواں ماہ این آر ٹی سی کیساتھ معاہدے پر دستخط ہوں گے۔ پنجاب کی جیلوں میں نصب ہونے والے جدید کیمرے چہرے اور وہیکل کو شناخت کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔