کرنٹ اکائونٹ خسارہ بلند ترین سطح پر ، ملک دیوالیہ ہوا تو ذمہ دار عمران خان ہونگے،شہبازشریف

07 اپریل ، 2022

اسلام آ باد(نیوز ایجنسیاں ) مسلم لیگ(ن) کے صدر میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ کرنٹ اکائونٹ خسارہ بلند ترین سطح پر ہے، ملک دیوالیہ ہوا تو ذمہ دار عمران نیازی ہونگے،مالیاتی خسارہ بھی4600ارب ہوچکا ہے، دونوں باتیں ملکی معیشت کیلئے سنگین علامتیں ہیں،نااہل وزیراعظم ہر رو ز جھوٹ بولتا رہا، اقتدار کی ہوس نے نیازی اور اس کے بچے کھچے حواریوں کو ذہنی طور پر مکمل طور پر مفلوج کر دیا ہے۔ سماجی را بطے کی ویب سائٹ ٹو ئٹر میں اپنے پیغام میں لیگی رہنما شہباز شریف نے کہا کہ تحریک انصاف کے کچھ ساتھیوں کا آئین اور قانون کے دفاع میں نیازی کے خلاف کھڑا ہونا خوش آئندہے۔ آئیں ہم سب آئین اور قانون کی حفاظت اور پاسداری کے لیے یکجا ہو جائیں۔قبل ازیں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر نے معاشی دیوالیہ پن کی اطلاعات پر خطرے کی گھنٹی بجا دی اور کہاہے کہ ملک کے معاشی طور پر دیوالیہ ہونے کی خبریں عالمی میڈیا سے آرہی ہیں جو اضطراب اور پریشانی کا باعث ہیں ،اصل خطرہ یہ ہے کہ خدانخواستہ ملک ڈیفالٹ کرگیا تو کیا ہوگا؟، ملک معاشی طور پر دیوالیہ ہوا تو اس کے ذمہ دار عمران نیازی ہوں گے ۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ خبردار کرتا ہوں کہ خدانخواستہ ملک معاشی طور پر دیوالیہ ہوا تو اس کے ذمہ دار عمران نیازی ہوں گے ۔ انہوں نے کہاکہ معاشی طور پر ہم تباہ ہوگئے تو کسی کو کوئی عالمی سازش کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی، اصل سازش اندر سے حکومت کرچکی ہے ۔انہوں نے کہاکہ معاشی ماہرین اور عالمی پیش گوئیاں ہورہی ہیں کہ عدم استحکام جاری رہا تو ڈالر200 روپے سے اوپر چلا جائے گا ۔ انہوں نے کہاکہ ڈالر کی قیمت186 روپے سے اوپر جارہی ہے جو ملک کے لئے نیک فال نہیں ،اس کے نتیجے میں جو خطرناک صورتحال جنم لے گی، وہ ہماری ہنگامی توجہ کی مستحق ہے۔ انہوں نے کہاکہ معاشی صورتحال کے پیش نظر آنے والے دنوں میں مہنگائی کی قیامت مزید بڑھ جائے گی انہوں نے کہاکہ کرنٹ اکائونٹ خسارہ ملکی تاریخ کی بلند ترین اور خطرناک ترین سطح پر پہنچ چکا ہے ، یہ ملک کیلئے سنگین علامات ہیں۔ انہوں نے کہاکہ عمران نیازی ریکارڈ کرنٹ اکائونٹ خسارے کا ذمہ دار ہے جو کنٹینر کے دور میں ہر مسئلے کی بنیادی وجہ کرنٹ اکائونٹ خسارے کو دیا کرتا تھا ۔ انہوں نے کہاکہ بجٹ اور مالیاتی خسارہ بھی 4600 ارب ہوچکا ہے، تجارتی خسارہ 45 ارب ڈالر کی حد پار کرچکا ہے، ہر سال عمران نیازی کی حکومت نے ریکارڈ مالیاتی خسارہ کیا ،یہ ہیں وہ اصل وجوہات جن سے نظریں چرانے کے لئے عمران نیازی ہر روز ایک نیا جھوٹ بولتا ہے ۔انہوں نے کہاکہ کبھی عالمی سازش کا جھوٹ، کبھی ریاست مدینہ کے مقدس نام پر جھوٹ بولا گیا ،کبھی امر بالمعروف کو عوام کے خلاف اپنے گناہ چھپانے کے لئے ڈھال بناتا ہے، کبھی احتساب کے جھوٹ بولتا ہے۔