قوم تحریک عدم اعتماد کے پیچھے موجود منصوبہ بندی جاننا چاہتی ہے، شاہ محمود

07 اپریل ، 2022

اسلام آباد(اے پی پی) پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین و سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ تحریک عدم اعتماد کے پیچھے منصوبہ بندی ہے جس کو قوم جاننا چاہتی ہے، عدلیہ اس معاملہ کی تحقیقات کیلئے جوڈیشل کمیشن تشکیل دے سکتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزارت خارجہ کے حکام اور سفارتکار ایماندار اور سلجھے ہوئے ہیں۔ اپوزیشن کہہ رہی ہے کہ تحریک عدم اعتماد کے معاملہ پر آئین شکنی ہوگئی، ہمیں آئین کا احترام ہے، تحریک عدم اعتماد پیش کرنا اپوزیشن کا حق ہے، ڈپٹی سپیکر نے تحریک عدم اعتماد سے انکار نہیں کیا، انہوں نے حقائق کی بنیاد پر رولنگ دی، یہ معاملہ اب سپریم کورٹ میں زیر سماعت ہے۔ انہوں نے کہا کہ دوسرے ملک سے بھیجا گیا مراسلہ اصلی ہے، ابہام پیدا نہ کیا جائے، اپوزیشن پارلیمانی سلامتی کمیٹی میں سپیکر کی دعوت کے باوجود کیوں نہیں آئی۔ انہوں نے کہا کہ ٹکٹوں کے وعدے اور ضمیر فروشی کی کیا آئین اجازت دیتاہے ۔ انہوں نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد کے تانے بانے کہیں تو ملتے ہیں، اس کے پیچھے منصوبہ بندی ہے جس کو قوم جاننا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اندرون و بیرون ملک جن لوگوں سے غیر ملکی سفارتکار ملتے رہے ہیں اس کی تحقیقات ہونی چاہئیں، اس معاملہ کی تحقیقات کیلئے عدلیہ جوڈیشل کمیشن تشکیل دے سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملہ پر قومی سلامتی کمیٹی کا مؤقف واضح ہے۔