آئین کے مطابق حل کی حمایت کرینگے، پاکستانی سیاست میں مداخلت کے روسی الزامات میں کوئی صداقت نہیں، امریکہ

07 اپریل ، 2022

واشنگٹن(این این آئی )امریکہ نے پاکستان کی سیاست میں مداخلت کے روسی الزام کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ایک سیاسی جماعت کے مقابلے میں دوسری سیاسی جماعت کی حمایت نہیں کرتے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق روس نے پاکستان کے اندرونی معاملات میں امریکہ کی جانب سے شرمناک مداخلت کی ایک اور مبینہ کوشش کی مذمت کرتے ہوئے کہا تھا کہ امریکہ نے نافرمان عمران خان کو سزا دینے کی کوشش کی۔جب نجی ٹی وی نے روس کے بیان پر تبصرے کے لیے امریکی محکمہ خارجہ سے رابطہ کیا تو ان کے ترجمان نے کہا کہ ان الزامات میں کوئی صداقت نہیں ۔امریکی اہلکار نے پاکستان میں موجودہ سیاسی بحران پر امریکی موقف کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ اس تنازع میں ہمارا کوئی بھی پسندیدہ نہیں ۔اہلکار نے کہا کہ امریکی آئینی اور جمہوری اصولوں کی پرامن روایات کی حمایت کرتا ہے جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ امریکا نہیں چاہتا کہ حکمران اور اپوزیشن جماعتوں کے درمیان کشیدگی تشدد کا باعث بنے اور وہ پاکستانی آئین کے مطابق کسی بھی حل کی حمایت کرے گا۔اس معاملے پر واشنگٹن کی غیر جانبداری کو مزید اجاگر کرتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ ہم ایک سیاسی جماعت کے مقابلے میں دوسری سیاسی جماعت کی حمایت نہیں کرتے، ہم قانون کی حکمرانی اور قانون کے تحت مساوی انصاف کے اصولوں کی حمایت کرتے ہیں۔اس تنازع پر امریکا کا یہ بیان پچھلے امریکی بیانات سے زیادہ امور کا احاطہ کرتا ہے جہاں سابقہ بیان میں صرف الزامات کی تردید کی گئی تھی۔