فضل الرحمٰن کا جمعہ یوم تحفظ آئین پاکستان کے طورپر منانے کااعلان

07 اپریل ، 2022

اسلام آباد (این این آئی)پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے جمعہ ʼʼیوم تحفظ آئین پاکستان ʼʼکے طورپر منانے کااعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان نے ملک کے اندر آئینی بحران پیدا کردیا ہے، تحریک انصاف کے نوجوانوں کو بھڑکایا جارہا ہے، آئمہ اور خطباء اپنے خطبوں میں عمران خان کی آئین شکنی پر بات کریں،حکومت کے غیر آئینی اقدامات سے منصفانہ انتخابات کی کوئی توقع نہیں کی جاسکتی، عمران خان وزیراعظم نہیں رہا، صدر مملکت نے زبانی احکامات پر کہا کام جاری رکھے،عمران خان کس طرح وزیراعظم ہاؤس میں بیٹھ کر کام کررہا ہے، عمران خان کیسے بیوروکریٹ کو بلا کر ہدایات دے رہا ہے، سپریم کورٹ نے ازخود نوٹس لیا جو درست اقدام ہے، ڈپٹی اسپیکر کی رولنگ کالعدم قرار دی جائے، تحریک عدم اعتماد کیلئے ووٹنگ کروائی جائے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ایک ڈکٹیٹر آئین کو اس طرح بے رحمی سے پامال نہیں کرتا جتنا کہ آمریت کی کوکھ سے جنم لینے والا عمران خان نے حالیہ اقدامات کے ذریعے سے ملک کے اندر آئینی بحران پیدا کیا ہے ،ضرورت اس مر کی ہے کہ پوری قوم وطن عزیز کے آئین کے تحفظ کیلئے بیدار ہو اور میں اپیل کرتا ہوں کہ آنے والا جمعہ ʼʼیوم تحفظ آئین پاکستان ʼʼکے طورپر منایا جائیگا ۔انہوں نے کہاکہ آئمہ مساجد اور خطباء اپنے خطبات میں عمران خان کی آئین شکنی اور اس کی حکومت کی طرف سے اس حوالے سے حال ہی میں کئے گئے اقدامات کی مذمت کریں ۔