شاہ سلمان کی طرف سے پاکستان میں اشیائےخوردونوش اور قرآن پاک تقسیم

07 اپریل ، 2022

اسلام آباد(اے پی پی)سعودی فرمانروا خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی طرف سے گزشتہ روز پاکستان کے مختلف علاقوں میں اشیا خوردونوش اور پاکستان کی مختلف قومی اور علاقائی زبانوں کے تراجم کے ساتھ قرآن پاک کے تحائف تقسیم کئے گئے۔ اس موقع پر پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف سعید المالکی نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ انہوں نے ارسال کئے گئے سامان کا تفصیلی جائزہ لیا اور اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے موقع پر موجود بعض ضرورت مندوں کو کھجوروں سمیت راشن اور قرآن پاک کے تحائف تقسیم دیئے۔ واضح رہے کہ ہر سال رمضان المبارک کے آغاز کے ساتھ ہی سعودی عرب کی طرف سے پاکستان کےغریب افراد کیلئے بڑے پیمانے پر راشن اور دیگر اشیا تحفے کے طور پر بھجوائی جاتی ہیں۔