امریکا نے اپنے شہریوں کو پاکستان کے مختلف علاقوں میں جانے سے روک دیا

07 اپریل ، 2022

واشنگٹن(این این آئی)امریکی محکمہ خارجہ نے پاکستان کے لیے ٹریول ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے اپنے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ دہشت گردی اور فرقہ وارانہ تشدد کے واقعات کے باعث پاکستان کا سفرسوچ سمجھ کر کریں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان کی طرف سے جاری ہونے والی ٹریول ایڈوائزری میں پاکستان کو لیول تھری میں رکھتے ہوئے دہشت گردی کا خدشہ ظاہر کیا ۔جاری کردہ ایڈوائزری کے مطابق دہشت گردی اور اغوا کے واقعات کے باعث صوبہ بلوچستان اور خیبر پختونخوا سمیت سابق فاٹا کے اضلاع کے سفر سے امریکی شہریوں کو روکا گیا ہے۔علاوہ ازیں دہشت گردی اور ممکنہ مسلح تصادم کے پیش نظر لائن آف کنٹرول کے قریبی علاقوں میں بھی جانے سے بھی منع کیا گیا ہے۔امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان کی جانب سے بیان میں میں کہا گیا کہ پاکستان میں دہشت گردوں کی جانب سے حملوں کی سازش جاری ہے۔ امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ دہشت گرد ٹرانسپورٹ کے مراکز، مارکیٹوں، شاپنگ مالز، عسکری تنصیبات، ایئر پورٹس، یونیورسٹیوں، سیاحتی مقامات، اسکولوں، اسپتالوں، عبادت گاہوں اور سرکاری مقامات کو نشانہ بنا سکتے ہیں۔محکمہ خارجہ کی جانب سے بیان میں مزید کہاگیا ہے کہ پاکستان میں دہشت گردانہ حملے ہوتے رہتے ہیں جبکہ سب سے زیادہ واقعات بلوچستان، خیبر پختونخوا اور سابق فاٹا کے اضلاع میں پیش آتے ہیں، بڑے پیمانے پر ہونے والے دہشت گردوں کے حملوں میں متعدد افراد ہلاک اور زخمی ہو چکے ہیں۔محکمہ خارجہ کا کہنا تھا کہ بڑے شہروں بالخصوص اسلام آباد میں سیکورٹی کے لیے زیادہ وسائل موجود ہیں اور دیگر علاقوں کے مقابلے میں ان علاقوں میں موجود سیکورٹی فورسز کسی بھی ایمرجنسی صورتحال سے فوری طور پر نمٹنے کیلئے شاید زیادہ تیار ہوں، لئے اسلام آباد میں دہشت گرد حملوں کی تعداد کم ہے۔