وزیراعظم کا سپریم کورٹ سے لیٹرگیٹ کی تحقیقات کیلئے کمیشن بنانے کا مطالبہ

07 اپریل ، 2022

اسلام آباد (جنگ نیوز)وزیراعظم عمران خان نے سپریم کورٹ سے لیٹر گیٹ کی تحقیقات کے لیے عدالتی کمیشن بنانےکا مطالبہ کر دیا۔ جیو نیوز نے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ وزیراعظم نے سپریم کورٹ کے ازخود نوٹس سے متعلق گزشتہ روز قانونی ٹیم سے مشاورت کی تھی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے حکومت گرانے کے لیے عالمی سازش کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے جبکہ منحرف ارکان اور ہارس ٹریڈنگ کی تحقیقات کا بھی مطالبہ کیا ہے۔ ذرائع کا بتانا ہے کہ عمران خان کا مؤقف ہے کہ نیشنل سیکورٹی اجلاس میں بین الاقوامی سازش کو تسلیم کیا گیا۔ عمران خان کا مؤقف ہے کہ کرپٹ سیاستدانوں نے حکومت گرانے کے لیے عالمی ایجنڈے پر عمل کیا لہذا اس کی عدالتی تحقیقات ہونی چاہئیں۔ ذرائع کا بتانا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے وکلا کمیشن بنانے کیلئے آج سپریم کورٹ سے رجوع کریں گے۔