افغانستان کو عالمی برادری سے مزید 32ملین ڈالر کی نقد امداد موصول

07 اپریل ، 2022

کابل (اے پی پی)افغانستان کوانسانی ہمدردی کی بنیاد پربین الاقوامی برادری کی جانب سے مزید 32ملین ڈالر کی نقد امداد موصول ہو گئی ہے۔ چینی خبر رساں ادارے کے مطابق افغانستان کی عبوری حکومت نے بدھ کو ایک بیان میں بتایا کہ افغانستان بینک کے عہدیداروں نےبتایا ہے کہ گزشتہ روز افغانستان کو 32ملین ڈالر کا 20واں امدادی پیکیج وصول ہو ا ہے جو افغانستان انٹرنیشنل بینک کو فراہم کر دیئے گئے ہیں ۔ بیان میں عالمی برادری کی جانب سے انسانی امداد کو سراہتے ہوئے افغانستان میں انسانی ہمدردی کے شعبے میں مزید تعاون کا مطالبہ کیا ہے۔ امدادی تنظیموں کی رپورٹس کے مطابق ملک کی تقریباً 35ملین آبادی میں سے 22 ملین سے زائد افغان باشندوں کو خوراک کی شدید قلت کا سامنا ہے اور جنگ زدہ ملک کو امداد نہ ملنے کی صورت میں انسانی تباہی کا سامنا کرنا پڑے گا۔