سٹاک مارکیٹ میں تیزی کاروباری حجم مزید کم ہوگیا

07 اپریل ، 2022

لاہور (سودی) گزشتہ روز سٹاک مارکیٹ میں مجموعی طور پر تیزی کا ہی رحجان رہا، آخر میں بیشتر کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ تھا جبکہ انڈیکس اور مجموعی مالیت بھی بڑھ گئی۔ مارکیٹ میں کاروبارکا آغاز ہی تیزی سے ہوا جو آخر تک جاری رہی۔ اس دوران ایک موقع پر انڈیکس 450 پوائنٹ تک بڑھ گیا مگر آخر میں آنے والے سیل کے پریشر اور پرافٹ ٹیکنگ کے باعث یہ سطح برقرار نہ رہ سکی۔ مارکیٹ میں تیزی کے باوجود ملکی سیاسی اور غیر یقینی حالات کے باعث اداروں کی عدم دلچسپی سے کاروباری حجم میں غیر معمولی کمی ہو گئی۔ گزشتہ روز مارکیٹ میں تیزی کی ایک ہی وجہ تھی کہ سرمایہ کاروں کی طرف سے سپریم کورٹ کا فیصلہ آنے پر حالات بہتر ہونے کی امید پر خریداری کرنا جبکہ سیمنٹ کی سیل میں اضافہ کے آنے والے اعدادوشمار نے بھی مارکیٹ کو تقویت دی۔ اسی طرح بعض کمپنیوں کے بہتر اعلانات اور مالیاتی نتائج بھی باعث تھے۔ اس کے برعکس ملکی سیاسی بحران، غیر یقینی صورتحال، آئی ایم ایف اور عالمی بینک کے سپورٹ پروگراموں پر تحفظات سپریم کورٹ کے فیصلہ کا انتظار منفی اثرانداز رہے۔ گزشتہ روز میوچل فنڈز، انشورنس کمپنیوں اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کی نیٹ سیلنگ تھی جبکہ مقامی نجی سرمایہ کاروں نے نیٹ خریداری کی۔ کاروبار کے اختتام پر مارکیٹ انڈیکس 183پوائنٹ اضافہ سے 44111 پر آ گیا۔ 190کمپنیوں میں اضافہ، 104 میں کمی، 30 میں استحکام رہا۔ صرف 10 کروڑ 84لاکھ حصص کا کاروبار ہوا۔